عامر ذکی کے انتقال پر وقار ذکا کی ویڈیو ، عامر ذکی کے بھتیجے کا موقف سامنے آ گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 5 جون 2017 12:49

عامر ذکی کے انتقال پر وقار ذکا کی ویڈیو ، عامر ذکی کے بھتیجے کا موقف ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جون 2017ء): پاکستان کے معروف آرٹسٹ عامر ذکی کے انتقال پر ٹی وی ہوسٹ وقار ذکا نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی ۔ اپنی اس ویڈیو میں وقار ذکا نے عامر ذکی کی وفات اور دیگر آرٹسٹس کے رویوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ علی حیدر اور حدیقہ کیانی جیسے آرٹسٹس کو یہاں ہونا چاہئیے تھا۔ وقار ذکا نے کہا کہ عامر ذکی کی میت ایدھی ہاؤس میں موجود ہے اور وہ کس حالت میں موجود ہے میں آپ کو نہیں دکھا سکتا۔

وقار ذکا کی اس ویڈیو پر گلوکار علی حیدر نے ان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ میں تین برس سے امریکہ میں مقیم ہوں اور حدیقہ بھی گذشتہ کافی عرصہ سے لاہور میں مقیم ہے۔ تم کراچی میں موجود تھے تو تم نے کچھ کیوں نہیں کیا؟ اس سب کے بعد اب عامر ذکی کے بھتیجے کا ایک ویڈیو پیغام سامنے آ گیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق عامر ذکی کے بھتیجےدانیال سہیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں وقار ذکا کی اس ویڈیو پر نہایت افسوس ہوا، وقارذکا کی اس ویڈیو کے بعد ہمیں کئی نا زیبا کالز موصول ہوئیں جس کی وجہ سے ہمیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

دانیال نے وقار ذکا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو اتنی ہی فکر تھی تو آپ کیوں عامر ذکی کے جنازے میں شریک نہیں ہوئے؟ دانیال نے واضح کیا کہ عامر ذکی کی میت کو ایدھی سرد خانے منتقل کیا گیا تھا۔ ان کی میت ان کے بھتیجے زاہد نے ایدھی کے سرد خانے منتقل کی۔ دانیال سہیل نے وقار ذکا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں مزید کیا کہا آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: