نہال ہاشمی کی جانب سے چیئرمین سینٹ کو استعفیٰ منظور نہ کرنے کی درخواست سے سارا ڈرامہ ایکسپوز ہو گیا

ثابت ہو گیا کہ عدلیہ اور جے آئی ٹی کیخلاف نہال ہاشمی کی تقریر ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھی،جے آئی ٹی پر اعتراض، نہال ہاشمی کی تقریر اور حسین نواز کی تصویر کا اجراء سب ایک ہی سازشی سلسلے کی کڑیاں ہیں، ایک سازش ناکام ہونے کے بعد مزید ایک اور سازش تیار کی جاتی ہے، تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان شفقت محمود کا بیان

منگل 6 جون 2017 22:17

نہال ہاشمی کی جانب سے چیئرمین سینٹ کو استعفیٰ منظور نہ کرنے کی درخواست ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2017ء) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان شفقت محمود نے کہاہے کہ نہال ہاشمی کی جانب سے چیئرمین سینٹ کو استعفیٰ منظور نہ کرنے کی درخواست سے سارا ڈرامہ ایکسپوز ہو گیا ہے،ثابت ہو گیا کہ عدلیہ اور جے آئی ٹی کیخلاف نہال ہاشمی کی تقریر ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھی۔نون لیگ کی مشاورت اور ایماء پر ہی نہال ہاشمی عدلیہ اور جے آئی ٹی پر حملہ آور ہوئے۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ اور جے آئی ٹی پر حملے کا مقصد تحقیقات کو روکنا اور جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانا تھا۔جے آئی ٹی پر اعتراض، نہال ہاشمی کی تقریر اور حسین نواز کی تصویر کا اجراء سب ایک ہی سازشی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔ایک سازش ناکام ہونے کے بعد مزید ایک اور سازش تیار کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

قوم اور میڈیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے نہال ہاشمی کیخلاف بظاہر کارروائی کی گئی۔

اورجعلی استعفیٰ دلوا کر وقتی طور پر قوم کے غیض و غضب کو کم کرنے کی کوشش کی گئی۔پہلے کیطرح ایک مرتبہ پھر صریحاً جھوٹ بول کر قوم کو دھوکہ دیا گیاہے۔ شفقت محمود نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے قومی اداروں پر حملوں کی سرپرستی حکمران جماعت میں اعلیٰ ترین سطح کی قیادت کررہے ہے۔قومی اداروں کیخلاف اس قسم کی ہرزہ سرائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔عقل مندی کا تقاضا ہے کہ نون لیگی قیادت شرانگیزی اور اداروں پر حملوں کی بجائے معقولیت کا دامن تھامے۔سپریم کورٹ کے کام میں مزاحمت کی بجائے اسکی معاونت کی جائے تاکہ قوم کو انصاف مل سکے۔