سعودی عر ب کی ایران میں حملوں کی شدید مذمت ،تہران کا الزام مسترد کردیا

ایران میں حملوں کا ذمہ دار سعودی عرب نہیں ہے، کہیں بھی دہشتگرد حملہ ہو یا کوئی معصوم مرے سعودی عرب اس کی مذمت کرتا ہے،سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر

جمعرات 8 جون 2017 22:41

سعودی عر ب کی ایران میں حملوں کی شدید مذمت ،تہران کا الزام مسترد کردیا
برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جون2017ء) سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے ایران میں حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی میں ریاض ملوث نہیں ہے۔جرمن دارالحکومت برلن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عادل الجبیر نے ایرانی پاسداران انقلاب کے الزام کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں حملوں میں نہ سعودی عرب ملوث ہے اور نہ ہی اسے علم ہے کہ حملے کس نے کیے۔

(جاری ہے)

عادل الجبیر نے واضح کیا کہ تہران میں حملوں سے سعودی عرب کا کوئی تعلق نہیں۔ اگر پاسداران انقلاب کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائیں۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے کہا کہ کہیں بھی دہشتگرد حملہ ہو یا کوئی معصوم مرے سعودی عرب اس کی مذمت کرتا ہے۔قطر سے متعلق عادل الجبیر نے کہا کہ قطر برادر ملک ہے۔ اسے خلیج تعاون رکن ممالک کی جانب سے دی گئی سزا ختم کرنے کیلئے خود کام کرنا ہوگا۔