حکومت کاشتکاروں کو کھاد ، بجلی ، زرعی آلات اور ٹریکٹر کی خریداری پر سبسٹڈی دے رہی ہے،رانا محمد ارشد

جمعرات 15 جون 2017 14:52

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاو ن خصوصی رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ نئے بجٹ میں کسی بھی قسم کا ٹیکس نہیں لگایا جا رہا ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔ حکومت کاشتکاروں کو ہر قسم کی سہولیات میں پیش پیش ہے ،اس سلسلے میں ان کو کھاد ، بجلی کے نرخوں، زرعی آلات اور ٹریکٹر کی خریداری پر سبسٹڈی بھی دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور سے کراچی تک بنائی جا رہی جدید اور معیاری موٹر وے کا سفر 18گھنٹے کی بجائے 10گھنٹے میں طے ہو گا۔آج ملک کی تیز رفتار ترقی پر دنیا کے تمام ممالک کی انوسٹمنٹ کا رخ پاکستان کی طرف مڑ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کا بحران جلد اپنی موت آپ مر جائے گاکیونکہ پنجاب میں لگائے گئے توانائی کے منصوبوں نے اپنی اہمیت اجاگر کرنا شروع کردی ہے۔

(جاری ہے)

میٹرک اور انٹر کے امتحانات اعلیٰ نمبروں سے پاس کرنے والوں میں 7ارب روپے کی لاگت سے 1لاکھ15ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی نظریں پاکستان کی تیز رفتار معاشی ترقی پر اٹک گئی ہیں۔دنیا کو اب سی پیک منصوبہ کی اہمیت و افادیت معلوم ہورہی ہے۔پاک چین دوستی کو ہمیشہ اہمیت دی گئی ہے۔اور یہی دوستی اب اپنی نئی آن بان کے ساتھ طلوع ہو رہی ہے۔سی پیک منصوبہ میں اب کوئی بھی ملک دونوں ممالک کی رضا مندی کے بغیر شامل نہ ہو سکے گا۔

متعلقہ عنوان :