ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے-ملک کی ترقی اورخوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں۔ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات-اردوپوائنٹ کی جانب سے اپنے قارئین کو عیدالفطرکی مبارکباد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 26 جون 2017 07:53

ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے-ملک کی ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 جون ۔2017ء) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے اس موقع نمازعید کے اجتماعات میں ملک کی ترقی اورخوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات ہوئے جن میں ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اوردہشت گردی کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

لاہور عید کے بڑے اجتماعات تاریخی بادشاہی مسجد‘مسجد درگاہ حضرت علی ہجویری ؒ ‘مسجد وزیرخان‘شالیمار باغ‘یونیورسٹی گراﺅنڈ‘مرکزی عیدگاہ‘جامع اشرفیہ‘جامع نعیمہ سمیت متعددمقامات پر ہوئے- عید الفطر کے موقع پر ملک بھر کی بڑی مساجد، عید گاہوں اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی بڑی عیدگاہوں پر نمازیوں کو واک تھرو گیٹ سے اندر جانے کی اجازت دی گئی-عیدالفطر کے موقع پر اہم عوامی مقامات، تفریحی گاہوں اور پارکوں کے باہر بھی پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

عیدالفطر کے موقع پر پنجاب میں سیکیورٹی خدشات کی بنا پر سخت سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیںوفاقی دارالحکومت اسلام میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جس میں صدرمملکت ‘اسلامی ممالک کے سفیروں ‘وزراءاو ر دیگر اہم شخصیات نے نماز عید ادا کی -اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیئے گئے تھے -عیدالفطر کے موقع پر کوئٹہ اور پشاور میں بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے-دونوں صوبائی دارالحکومتوں میں پولیس، رینجرز اور ایف سی کے اہلکار سیکورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نوازشریف نے عید الفطر کے موقع پر عالم اسلام اور اہل پاکستان کو دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید پر دہشت گردی کے شکار پاکستانیوں کو یاد رکھا جائے۔واضح رہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک میں اتوار کے روز عید الفطر منائی گئی جبکہ پاکستان کے قبائلی علاقہ جات اور صوبہ سرحد کے کئی علاقوں میں بھی عیدالفطر گزشتہ روزمنائی گئی۔

امریکا ‘کینڈا‘آسٹریلیا ‘برطانیہ ‘جاپان، سویڈن، جرمنی، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، فرانس، ہانگ کانگ، جنوبی کوریا، برونائی، انڈونیشیا، ملائیشیا ‘ شمالی کوریا اور دیگر مغربی اور افریقی ممالک میں بھی اتوار کے روز عید منائی گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ،بھارتی ریاست کیرالہ اور بنگلور میں بھی گزشتہ روز عید منائی گئی جبکہ بھارت کے باقی علاقوں اور بنگلہ دیش میں آج عیدالفطرمنائی جارہی ہے۔اردو پوائنٹ انتظامیہ نے اپنے قارئین کو عید کی مبارکباد پیش کی ہے-اردوپوائنٹ کی ٹیم کی جانب سے دنیا بھر کے قارئین کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں-


متعلقہ عنوان :