Live Updates

آج بھی وقت ہے ملک کو دولخت کرنے پر قوم سے معافی مانگیں

عمران خان نے ہمیشہ اپنا سیاسی نقصان کیا لیکن انتشار نہیں پھیلنے دیا، کہا گیا کمیشن بنانے کو تیار ہیں بالکل بنائیں لیکن 76 سال سے جاری پولیٹیکل انجنئیرنگ پر بھی تفتیش کی جائے، سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی راؤف حسن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 11 مئی 2024 18:30

آج بھی وقت ہے ملک کو دولخت کرنے پر قوم سے معافی مانگیں
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی 2024ء) سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی راؤف حسن نے کہا کہ آج بھی وقت ہے ملک کو دولخت کرنے پر قوم سے معافی مانگیں، عمران خان نے ہمیشہ اپنا سیاسی نقصان کیا لیکن انتشار نہیں پھیلنے دیا، کہا گیا کمیشن بنانے کو تیار ہیں بالکل بنائیں لیکن 76 سال سے جاری پولیٹیکل انجنئیرنگ پر بھی تفتیش کی جائے۔ انہوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی وقت ہے ملک کو دولخت کرنے پر قوم سے معافی مانگیں، ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ کیوں سامنے نہیں آئی؟ رجیم چینج آپریشن بذاتِ خود ایک یوم سیاہ ہے پاکستان کی تاریخ جب لکھی جائے گی تو اس کو یوم سیاہ لکھا جائے گا، کوئی پاکستان تحریک انصاف سے معافی کا طلبگار نہیں ہوگا، پاکستان کے تین وزراء اعظم کوقتل کیا گیا، کیا اس وقت کے حکمرانوں نے معافی مانگی؟ اس کے ذمہ داران سامنے آئے؟ راؤف حسن نے کہا کہ کہا گیا کہ ہم کمیشن بنانے کو تیار ہیں لیکن کمیشن 2014 کے دھرنے پر بھی تفتیش کرے گا میں کہتا ہوں بالکل کرے۔

(جاری ہے)

پارلمینٹ پر حملے کو بھی کریں لیکن اس کے ساتھ ساتھ سائفر، رجیم چینج آپریشن ، عمران خان پر قاتلانہ حملے جس کا عمران خان کو مقدمہ تک درج نہیں کروانے دیا گیا، 9 مئی کے واقعات ، 8 فروری مینڈیٹ چوری، لوگوں پر تشدد کرکے زبردستی پارٹی چھڑوانے ، 76 سال سے جاری پولیٹیکل انجنئیرنگ پر بھی تفتیش کریں اب میں ان کو یاد کرواتا رہوں گا۔ راؤف حسن نے کہا کہ ہمیں انتشاری کہنے والوں کو بتاتا چلوں عمران خان نے بارہا جب ان کو پتہ چلا انتشار پھیل سکتا ہے، اپنا سیاسی نقصان برداشت کیا لیکن ملک میں انتشار نہیں پیدا ہونے دیا، دس اپریل کو رجیم چینج آپریشن کے خلاف احتجاج میں عوام کو روکا، حقیقی آزادی کے لانگ مارچ میں جب پتہ چلا اسلام آباد پہنچنے پر وائلنس ہو سکتا اس کو روکا، اپنے اوپر قاتلانہ حملے کے وقت بھی عوام کو روکا۔

سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی راؤف حسن نے کہا کہ اس وقت ملک بہت کمزور ہو چکا یہ کشکول لے کر بھیک مانگ رہے کوئی بھیک دینے کو کوئی تیار نہیں، لیفٹیننٹ جنرل طارق نے ایک آرٹیکل میں لکھا ہے کہ پاکستان کو نیوکلیئر پروگرام ختم کرنے کی جانب دھکیلا جا رہا، اس وقت ملک کے تمام اثاثے برائے فروخت ہیں کہ مزید چھ مہینے ملک چل جائے، ملک ایسے نہیں چلے گا۔

ایڈووکیٹ شعیب شاہین نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر کہا کہ میرا تو خود سارا خاندان افواج پاکستان اور بیورو کریسی میں ہے ہمیں محبت ہے اپنی افواج سے مگر ایک فوج کا ترجمان جو پوری پریس کانفرنس ایک سیاسی جماعت کے خلاف کرے بغیر کسی ثبوت کے تحقیق کے لیڈران سپورٹرز اور کارکنوں پر الزام لگایا گیا 8 فروری کو عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے انقلاب برپا کیا الیکشن سے قبل ہمارے امیدواروں کو اغواء کیا گیا انکے کاغذات نامزدگی چھینے گئے ہم سے بلّے کا نشان چھین لیا گیا ہمارے رہنماؤں اور کارکنوں پر جعلی دہشتگردی کے پرچے درج کیے گئے کونسے جمہوری ملک میں ایسا ہوتا ہے؟ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات