بھارت نے دریائے جہلم کا پانی روکنے کا منصوبہ بنا لیا

جمعہ 7 جولائی 2017 23:31

بھارت نے دریائے جہلم کا پانی روکنے کا منصوبہ بنا لیا
نئی دہلی/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جولائی2017ء) بھارت نے دریائے جہلم کا پانی روک کر کشن گنگا بجلی گھر کی جھیل کو زیادہ سے زیادہ گنجائش تک بھرنے کی منصوبہ بندی بھی کر لی ۔جمعہ کو ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان عالمی بینک میں متنازع کشن گنگا بجلی گھر کے قابل اعتراض ڈیزائن کے خلاف مقدمہ شروع ہونے کا انتظار کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کی ملکیت دریائے جہلم پر 330 میگاواٹ کے کشن گنگا بجلی گھر سے 110 میگاواٹ کی پیداوار جاری کر رکھی ہے اور اگلے چند ہفتوں میں متوقع سیلاب کے دوران پاکستان کا پانی روک کر کشن گنگا جھیل کو زیادہ سے زیادہ گنجائش تک بھرنے کی منصوبہ بندی بھی کر لی ہے جس کے بعد بجلی گھر سے مکمل پیداواری صلاحیت 330 میگاواٹ بجلی بھارت کے نیشنل گرڈ میں شامل ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق کشن گنگا بجلی گھر کی جھیل گزشتہ برس نومبر میں ڈیڈ سٹوریج سطح تک بھر لی گئی تھی جس کے بعد 110 میگاواٹ کی تین میں سے ایک ٹربائن چلا کر بجلی کی پیداوار شروع کر دی گئی جو اب بھی جاری ہے۔ وزارت پانی وبجلی کے ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کشن گنگا بجلی گھر کا باقاعدہ افتتاح بھی اسی سال کر سکتے ہیں کیونکہ بھارتی وزارت آبی وسائل کی اس سلسلے میں تیاری کرنے کی میڈیا میں بھی اطلاعات ہیں۔

عالمی بینک کی ثالثی عدالت 2013 میں جزوی طور پر کشن گنگا بجلی گھر کی تعمیر پر بھارت کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے جس کے بعد وزیر اعظم نواز شریف کی نئی حکومت کی جانب سے فیصلے کی وضاحت مانگنے کے لئے ثالثی عدالت میں اپیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تا کہ بھارت کے خلاف بجلی گھر کی تعمیر روکنے کا حکم امتناعی مل سکے لیکن بعد میں اچانک یہ ارادہ بھی ملتوی کر دیا گیا اور کیس کی وضاحت مانگنے کی مقررہ مدت گزر گئی۔

متعلقہ عنوان :