میئرکراچی سے پاک بحریہ کے ریئر ایڈمرل ساجد وزیر خان کی ملاقات

بلدیاتی قیادت اپنے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے، وسیم اختر

جمعہ 7 جولائی 2017 23:32

میئرکراچی سے پاک بحریہ کے ریئر ایڈمرل ساجد وزیر خان کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2017ء)میئر کراچی وسیم اخترسے پاک بحریہ کے ریئر ایڈمرل ساجد وزیر خان نے جمعہ کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ بلدیاتی قیادت اپنے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے اور کے ایم سی کے مختلف محکموں کو فعال اور سرگرم بنایا جا رہا ہے تاکہ کراچی کے شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کی جاسکیں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں صحت و صفائی سے متعلق مختلف منصوبے زیر غور ہیں جبکہ فائربریگیڈ کو بھی جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے ، کراچی شہر کی اہمیت کے اعتبار سے ان شعبوں کو ترجیحی اہمیت دی جا رہی ہے جن کا براہ راست تعلق شہریوں کے روزمرہ معمولات سے ہے اس سلسلے میں بلدیہ عظمیٰ کراچی دیگر اداروں کے ساتھ بھی رابطے کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، ریئر ایڈمرل ساجد وزیر خان نے شہری مسائل کے حل کے لئے میئر کراچی وسیم اختر کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ کراچی کے شہری مسائل جلد حل ہوں گے اور شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے جاری کاوشیں کامیابی سے ہمکنار ہوں گی ، میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر ریئر ایڈمرل ساجد وزیر خان کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے شیلڈ پیش کی جبکہ ریئر ایڈمرل ساجد وزیر خان نے میئر کراچی وسیم اختر کو پاک بحریہ کی طرف سے سووینئر پیش کیا۔