نوجوان ہنر مند بن کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھر پورکردار ادا کرسکتے ہیں، اقبال ظفر جھگڑا

موجودہ حکومت نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے مختلف پروگرام شروع کئے ہیں ،بے روزگار نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کا سلسلہ جاری رہے گا، تقریب سے خطاب

منگل 1 اگست 2017 23:46

نوجوان ہنر مند بن کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھر پورکردار ادا ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 اگست2017ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئر اقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ فنّی تعلیم کافروغ ہی ملکی خوشحالی کا ضامن ہے اورہمارے نوجوان ہنر مند بن کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھر پورکردار ادا کرسکتے ہیں۔ موجودہ حکومت نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے مختلف پروگرام شروع کئے ہیں اور بے روزگار نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

وہ منگل کے روز گورنر ہائوس پشاور میںنیوٹیک کے زیراہتمام صوبائی سطح پرہنرمندی کے مقابلوں کے دوران ہنرمندوں میں تقسیم انعامات کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پرہنرمندی مقابلے میں جیتنے والوں میں نقدانعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ پہلے نمبرپرآنیوالے کو 75 ہزار، دوسرے نمبر پرآنیوالے کو50 ہزار اورتیسرے نمبرپر آنیوالے کو30 ہزارروپے انعام دیاگیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرچیف سیکرٹری خیبرپختونخوا عابد سعید، نیوٹیک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ذولفقار احمد چیمہ، صدر چیمبر آف کامرس حاجی محمدافضل ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹافداوزیراوربڑی تعداد میں ہنرمندنوجوانوں نے شرکت کی۔ گورنرنے اس موقع پرچیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے ہمراہ مختلف سٹالزکامعائنہ بھی کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ جدید دور میںکسی بھی قوم کی ترقی ادر خوشحالی کادارومدار صنعتی ترقی سے وابستہ ہے ۔

صنعت کا پہیہ رواں دواں رکھنے کے لئے ہنر مند افراد کی ضرورت ہوتی ہے اور ہنر مند افراد ہی کسی ملک کی معاشی خوشحالی کی بنیادہوتے ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہماری صنعت اور معیشت تب ہی ترقی کرے گی جب ہمارے پاس مطلوبہ تعداد اورمعیار کے مطابق ہنر مند افرادی قوت دستیاب ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ آج کے دورمیں کسی بھی ملک کیلئے فنّی تربیّت کی اہمیت سے انکارممکن نہیں۔

ہمارے ملک کی ترّقی کیلئے بھی فنّی تربیت کا شعبہ کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے اور ضرورت اس امرکی ہے کہ انہیںایسے ہنر سکھائے جائیں جنکی مدد سے وہ اپنی اور اپنے کنبے کی کفالت کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے مختلف پروگرام شروع کئے ہیں جن میں سے ایک اہم پروگرام ’’ وزیراعظم یوتھ اسکلز ڈیویلپمنٹ پروگرام ‘‘ ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک کے بیروزگار نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کا یہ سلسلہ ان شاء اللہ جاری رہے گا جس سے بلاشبہ روزگارکی فراہمی کے مواقع بھی بڑھیں گے ۔گورنرنے کہاکہ سکلزڈویلپمنٹ پروگرام سے یقیناً ہزاروں خاندان معاشی طور پر خودکفیل اور خوشحال ہوں گے اور مقامی صنعتوں کی ضرورت پوری ہوگی ۔بہت بڑی تعداد میں ہنر مند افرادی قوتّ بھی برآمد ہوگی جس سے بیرونِ ملک سے ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہوگا اورملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا جناب فداوزیرنے قبل ازیں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فاٹا میں ہر سال دس ہزار نوجوانوں کومختلف ہنرسکھائے جاتے ہیں جس سے یقینا بیروزگاری کے مسئلے پرقابو پانے میں مددملے گی۔