سکولوں کا معیار بہتر کرنے کا عزم کر رکھا ہے، وائس چیئرمین بلدیہ شرقی

جمعہ 11 اگست 2017 22:34

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء) کراچی میں سرکاری اسکولوں نے ماضی کی یادیں تازہ کر دیں، ماضی کی طرح سرکاری اسکولوں سے دوبارہ بڑے بڑے نام پیدا ہونے کی امیدیں جاگنے لگیں، جشن آزادی ویک کے پانچویں روز مقابلہ ذہانت میں بلدیہ شرقی کے اسکولوں کے طالب علموں نے مشکل سوالات کے جواب دے کر موجود ججز کو حیرت میں ڈال دیا۔

وائس چئیرمین بلدیہ شرقی عبدالرؤف خان نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ شرقی کے اسکولوں کے معیار کو اعلی نجی اسکولوں کے معیار پر لانے کا عزم کر رکھا ہے، جتنے بھی پروگرام ہوئے ہیں اس میں بلدیہ شرقی کے اسکولوں نے جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس کی مثال ملنا مشکل ہے، آج کے مقابلہ ذہانت سے یہ ثابت ہوگیا کہ ذہانت کسی کی میراث نہیں ہے، سرکاری اسکولوں کے معیار کو بلند کر کے دم لیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈائریکٹر ایجوکیشن شیرعلی، ڈپٹی ڈائریکٹرز عامر چوہدری، ارشد لودھی و اساتذہ کی کارکردگی کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسی طرح محنت جاری رہی تو بہت جلد سرکاری اسکولز معیار کی بلندیوں تک پہنچ جائیں گے۔ اس موقع پر یوسی 14 کے چئیرمین حبیب خان و وائس چئیرمین آصف میمن نے بھی جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلدیہ شرقی میں اسکولوں کے طالب علموں نے پروگرامز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے چار چاند لگا دیئے ہیں۔

بعد ازاں کوئز پروگرام کے جج عبدالحق نے کامیاب طالب علموں کے نام کا اعلان کیا جنھیں گرینڈ پروگرام میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ اس موقع پر عبدالرؤف خان نے حبیب خان اور آصف میمن کے ہمراہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر اساتذہ اور طالب علموں میں سرٹیفیکٹس تقسیم کئے۔ آخر میں جمشید روڈ کے محکمہ تعلیم کے مرکزی دفتر میں کوئز پروگرام کے بعد پرچم کشائی کا پروگرام منعقد ہوا۔