تحریک انصاف کی حکومت ظلم اور استحصال پر مبنی نظام کو تبدیل کرکے ایک منصفانہ اور عوام دوست نظام لانے کا وعدہ پوراکیا،عاطف

پولیس ،پٹوار،تعلیم ،صحت اور دیگر محکموں میں اصلاحات سے عوام کے مسائل حل ہورہے ہیں،سابقہ حکمرانوں نے ترقیاتی کاموں کے نام اپنی جیبیں بھریں اور رشوت اور کمیشن مافیا ایک بار پھر عوام کو دھوکہ دینے کیلئے نکل آیا ہے لیکن عوام ان کے عزائم ناکام بنادیں گے،وزیرتعلیم وبرقیات خیبرپختونخوا

اتوار 13 اگست 2017 18:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) صوبائی وزیر تعلیم و برقیات محمد عاطف خان نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ظلم اور استحصال پر مبنی نظام کو تبدیل کرکے ایک منصفانہ اور عوام دوست نظام لانے کا وعدہ کیا تھا جس میں ہم کافی حد کامیابی حاصل کرچکے ہیں اور عوام کے مشکلات کا ازالہ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کا لائے جارہے ہیں ۔

پولیس ،پٹوار،تعلیم ،صحت اور دیگر محکموں میں اصلاحات سے عوام کے مسائل حل ہورہے ہیں ۔سابقہ حکمرانوں نے ترقیاتی کاموں کے نام اپنی جیبیں بھریں اور رشوت اور کمشن مافیا ایک بار پھر عوام کو دھوکہ دینے کے لیے نکل آیا ہے لیکن عوام ان کے عزائم ناکام بنادیں گے ۔وہ یونین چمتار کے علاقہ رگ نرے میں پی ٹی آئی پی کی23 کے زیر اہتمام ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

جلسے سے پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما عمر فاروق کاکا خیل اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر درجنوں افراد نے مختلف سیا سی جماعتوں سے مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر محمد عاطف خان نے چمتار میں 20 کنال پارک ، سولر سٹریٹ لائیٹس کی تنصیب اور ہائی سکول کی تعمیر کا اعلان کیا ۔ اپنے خطاب میں محمد عاطف خان نے کہا کہ پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے خاتمے اور ایک عوام دوست نظام لانے کے ایجنڈے کے ساتھ کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے ۔

نواز شریف چور مچائے شور کی سیاست کررہے ہیں مگر شور مچانے سے وہ جیل کی سلاخوں سے جان نہیں بچا سکتے ۔عمران خان کی قیادت میں ملک بھر میں چوروں اور لٹیروں کا پیچھا کیا جائے گا اور سیاست کو چوروں اور ڈاکوؤں سے پاک کیا جائے گا ۔عاطف خان نے کہا کہ ہماری حکومت نے صوبے میں ترقی و خوشحالی کے جس سفر کا آغاز کیا ہے اسے ہر صورت میں منزل تک پہنچا کر دم لیں گے اور آئندہ انتخابات میں ملکی سطح پر کامیابی حاصل کرکے نئے پاکستان کی تعمیر کریں گے ۔

اُنہوں نے کہا کہ صوبے میں مثالی ترقی کا عمل جاری ہے مردان میں اربوں روپے کی لاگت سے گرلز کیڈٹ کالج ، فاطمہ الفہری گرلز ماڈل سکول ، بورڈ سپورٹس کمپلکس ، انجنیئرنگ یونیورسٹی ، خواتین یونیورسٹی ، بوائز اور گرلز ڈگری کالجز کے قیام کے ساتھ ساتھ کئی نئے منصوبے بھی شروع کیے جارہے ہیں جس سے عوام کی مشکلات کم ہوں گی ۔اُنہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارکبا د دی اور کہا کہ صوبے بھر میں عوام جوق درجوق عمران خان کے قافلے میں شامل ہورہے ہیں جس سے کرپشن مافیا میںکھلبلی مچ گئی ہے ۔