لاہور ،دینی عبادت گاہوں، چرچز، تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کے لیے اقدامات کیے جائیں ، کیپٹن (ر) عارف نواز خان

بین الصوبائی چیک پوسٹوں کی مانیٹرنگ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب

بدھ 16 اگست 2017 23:14

لاہور ،دینی عبادت گاہوں، چرچز، تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کے لیے اقدامات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2017ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ دینی عبادت گاہوں، چرچز، تعلیمی اداروں اور خاص کر مخلوط نظام تعلیم والے تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں ۔ انہوںنے مزید کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تعلیمی اداروں بطور خاص اے اور بی کیٹگری کے تعلیمی اداروں میں نصب پینک بٹن آپریشنل ہیں یعنی کام کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی چیک پوسٹوں کی مانیٹرنگ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور اس بات کو مدِنظر رکھا جائے کہ ان چیک پوسٹوں سے گزرنے والی گاڑیوں اور افراد کو نہایت باریک بینی سے چیک کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے شیخوپورہ میں تاوان کے لیے اغواء کیے گئے آٹھ سالہ بچے کے قتل پر اظہار برہمی کرتے ہوئے آر پی او اور ڈی پی او شیخوپورہ کو ملزموں کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ یہ سفاک ملزمان معاشرے کا ناسور ہیں جنہیں کیفرِ کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ اٹھارکھی جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک آرپی اوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس میں ڈی آئی جی آپریشنز، عامر ذوالفقار خان، ڈی آئی جی سپیشل برانچ پنجاب، زعیم شیخ، اے آئی جی آپریشنز ، وقار عباسی،اے آئی جی احسن یونس اور اے آئی جی لاجسٹکس، رائے بابر سعیدکے علاوہ سی پی او کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

اجلا س میں اے آئی جی آپریشنز نے صوبے میں اشتہاریوں بالخصوص اے کیٹگری کے اشتہاریوں کی گرفتاری کے حوالے سے جاری خصوصی مہم پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ پندرہ روز کے دوران پنجاب بھر میں 813اے کیٹگری کے اشتہاری ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے صوبے بھر میں ریڈز کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب نے آر پی او ز اور ڈی پی اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اشتہاریوں بالخصوص اے کیٹگری کے اشتہاریوں کو قانون کی گرفت میں لانے میں نا کام رہنے والے اضلاع کے ڈی پی اوز کو اظہار نا پسندیدگی کے لیٹر بھجوائے جائیں گے لہذا اشتہاریوںکے خلاف جاری مہم کی نگرانی آر پی اوز اور ڈی پی اوز خود کریں تا کہ معاشرے کے ان ناسوروں کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا سکے۔

کانفرنس میں افسران کو ہدایت دیتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام اضلاع میں پولیس فورس کو فائرنگ پریکٹس باقاعدگی سے کروائی جائے کیونکہ اس ضمن میں غفلت یا لاپرواہی قطعی قابل برداشت نہیں ۔ انہوں نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوںاوران کے سہولت کاروں، سماج دشمن عناصر اور اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے کیے جانے والے کومبنگ اور سرچ آپریشنز کے علاوہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کی نگرانی ڈی پی او یا کم از کم سرکل افسر خود کرے اور اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ ان آپریشنز کے دوران شہریوں کو بلا مقصد پریشان نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسلحہ کی بروقت صفائی اور انسپکشن کے ساتھ ساتھ باقاعدگی سے فائرنگ پریکٹس کے عمل کو جاری رکھا جائے اور اینٹی رائٹ فورس کے اہلکاروں کی مشقیں باقاعدگی سے منعقد ہوں اور انہیں مختلف حالات کی مناسبت سے صورت حال کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے بریفنگز بھی باقاعدگی سے دی جائیں۔

متعلقہ عنوان :