پنجاب بھر کے میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ پرسوں ہوگا،65ہزار امیدواروں کو رول نمبرز جاری

شہروں میں 28مراکز قائم، 5500 سے زائد امتحانی عملہ تعینات، سینئر بیورو کریٹس ٹیسٹ کی نگرانی کرینگے ٹیسٹ اڑھائی گھنٹے جاری رہے گا، امیدوار صبح 8بجے تک اپنے اپنے امتحانی مراکز میں پہنچ جائیں، ترجمان یو ایچ ایس

جمعہ 18 اگست 2017 17:06

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) پنجاب کے تمام سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ پرسوں20اگست بروز اتوار کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام بیک وقت 13شہروں میںقائم28مراکز پر ہوگا، اس حوالے سے پنجاب حکومت نے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلیے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی سیکریٹریز، بورڈ آف ریونیو کے ممبرز، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سمیت سینئر بیوروکریٹس انٹری ٹیسٹ کی مانیٹرنگ کا کام سرانجام دیں گے جبکہ سینئر میڈیکل پروفیسرز امتحانی مراکز کے انچارج ہوں گے ،یو ایچ ایس کے ترجمان کے مطابق اس سال65ہزار امیدواروں کو انٹری ٹیسٹ میں شرکت کیلئے رول نمبرز جاری کردیئے گئے ہیں جن میں سے 41ہزار طالبات اور 24ہزار طلباء شامل ہیں، صوبے کے 13شہروں میں 28مراکز قائم کیے گئے ہیںجن میں5500سے زائد نگران عملہ امتحانی فرائض سر انجام دے گا، ان شہروں میں لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، رحیم یار خان، سرگودھا، راولپنڈی، حسن ابدال، گجرات، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان اور سیالکوٹ شامل ہیں، انٹری ٹیسٹ کا سوالیہ پرچہ کل220معروضی سوالات پر مشتمل ہوگا جس میں بیالوجی کی88سوالات، کیمسٹری کے 58سوالات، فزکس کے 44سوالات اور انگریزی کے 30سوالات ہوں گے، پرچہ حل کرنے کیلئے امیدوار کو اڑھائی گھنٹے کا وقت دیا جائے گا، اس کے بعد تمام امیدواروں کو رجحان اور فیڈ بیک سے متعلقہ سوالات کے جواب دینے ہوں گے جن کے کوئی نمبر نہیں ہوں گے،اس کیلئے مزید آدھے گھنٹے کا وقت دیا جائے گا، ترجمان یو ایچ ایس کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ٹیسٹ صبح9بجے شروع ہوگا تاہم تمام امیدواروں کا صبح 8بجے تک اپنے اپنے امتحانی مرکز پہنچنا ضروری ہے کیونکہ سوا آٹھ بجے تمام مراکز سیل کردیئے جائیں گے اور اس کے بعد کسی کو اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائیگی، لاہور میں انٹری ٹیسٹ کیلئے 8مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے امتحانی مراکز بمقام لارنس روڈ، پنجاب یونیورسٹی ایگزامینیشن ہالز وحدت روڈ ، گورنمنٹ کمپری ہینسووگرلز ہائی سکول وحدت روڈ ، گورنمنٹ کالج آف سائنس وحدت روڈ، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی جیل روڈ، یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹائون شپ، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار ویمن سمن آباد اور ڈویژنل پبلک سکول ماڈل ٹائون کے مراکز شامل ہیں، لاہور سے تقریباً 19ہزار امیدوار انٹری ٹیسٹ میں شرکت کررہے ہیں،پنجاب کی17سرکاری میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی 3405جبکہ3سرکاری ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی 216نشستیں ہیں، اس کے علاوہ یونیورسٹی سے الحاق شدہ21 پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی تقریباً 2590جبکہ9پرائیویٹ ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی 555نشستیں ہیں، حکومت پنجاب نے انٹری ٹیسٹ کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں،ان انتظامات کیلئے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے، تمام بڑے مراکزپر واک تھرو گیٹ اور موبائل جامرز نصب کیے جارہے ہیں،ٹیسٹ والے دن تمام مراکز پر دفعہ144نافذ کی جائے گی، ساتھ آنے والے والدین اور دیگر عزیز و اقارب کے بیٹھنے کیلئے امتحانی مراکز کے قریب شامیانوں اور کرسیوں کا انتظام کیا گیا ہے، اس موقع پر سیکورٹی، ٹریفک کو رواں دواں رکھنے اور پارکنگ کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں،پنجاب حکومت نے انٹری ٹیسٹ کے بہترین انتظامات کیلئے صوبے کے تمام متعلقہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کردی ہیں، ٹیسٹ والے دن امیدواروںکو اپنے ساتھ صرف نیلا بال پوائنٹ پین اور کلپ بورڈ لانے کی اجازت ہوگی،ترجمان یو ایچ ایس کے مطابق اس سال امیدواروں کو مخصوص کیو آر کوڈ والے ایڈمیٹنس کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :