جماعت اسلامی نے این اے 120 میں صادق و امین قیادت کو میدان میں اتارا ہی: ذکراللہ مجاہد

نااہل نواز شریف نے اپنے حلقے کی عوام کو مایوسی اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں دیا : حافظ سلمان بٹ

جمعہ 18 اگست 2017 20:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2017ء) جماعت اسلامی نے این اے 120سے ضمنی انتخاب میں صادق و امین قیادت کو میدان میں اتارا ہے ۔نااہل نواز شریف نے اپنے حلقے کی عوام کو مایوسی اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ عوامی اعتماد اور طاقت سے الیکشن جیت کر مسائل زدہ حلقے کی تقدیر بدلیں گے ۔ اس حلقہ سے جماعت اسلامی سابق ادوار میں بھی الیکشن جیتتی رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلا می لاہور ذکر اللہ مجاہد،این اے 120کے الیکشن انچارج حافظ سلمان بٹ، این اے 120 سے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ اوراین اے 120کے ناظم انتخاب چوہدری محمود الاحد نے گزشتہ روز پی پی 139، اور پی پی 140میں مختلف تنظیمی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ کرپشن زدہ اور نا اہل حکمران خاندان کو اخلاقیات اور عوامی جذبات کا پاس رکھتے ہوئے اس حلقہ سے الیکشن نہیں لڑنا چاہیے تھا ۔

کیونکہ اس حلقہ کی عوام نے ان کو عزت دے کر اقتدار کی بلندیوں تک پہنچایا مگر انہوں نے اس حلقہ کی عوام کو نظر انداز کر کے نا صرف مایوس کیا بلکہ حلقہ کو مسائلستان کا گڑھ بنا دیا ۔ اس الیکشن میں عوام کبھی بھی ان کے جھوٹے دعووں اور وعدوں پر اعتبار نہیں کریں گے اور یہاں سے ایک ایسی قیادت کا انتخاب کریں گے جو صادق و امین بھی ہو اور با صلاحیت اور جرات مند بھی ۔

حافظ سلمان بٹ نے کہا کہ ہم نے این اے 120کے الیکشن کے حوالے سے مکمل منصوبہ بندی کر لی ہے ۔ این اے 120کو 10سیکٹرز میں تقسیم کر کے ان کے ذمہ داران مقرر کر دیئے ہیں ۔ ہمارے ورکرز ہر گھر تک سراج الحق کا اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کا پیغام پہنچائیں گے ۔موجودہ حکمرانوں نے جس طرح آئین اور قانون کو پامال اور اپنی ذات کے لئے استعمال کیا اور کرپشن کر کے عوامی وسائل کو بیرون ملک منتقل کیا ۔

عوام اب ان کی اصلیت جا ن چکے ہیں ۔ اب کے بار عوام کبھی بھی ان جھوٹوں، چوروں اور لٹیروں کو ووٹ نہیں دیں گے ۔ جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار ضیا ء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے میرے اوپر اعتماد کیا ۔ ہم ان شاء اللہ اپنی بھرپور محنت کے نتیجے میں عوامی طاقت سے الیکشن جیت کر مسائل زدہ حلقے کی تقدیر بدلیں گے ۔ جماعت اسلامی کی لیڈر شپ ہی ا س ملک اور قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے ۔ اس حلقہ سے جیت انشاء اللہ حق اور سچ کے نشان ترازوکی ہو گی ۔ان اجلاسوں میں سابق منتخب نمائندوں اور ذمہ داران خلیق احمد بٹ، ملک محمد نواز، حافظ نسیم چشتی ، ملک محمد منیر ،حسان بن سلمان و دیگر نے بھی شرکت کی ۔