تپ دق کے خاتمے کیلئے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ نجی ادارے بھی اپنی ذمہ داری پوری کریں،صدر ممنون حسین

عوام کو متعدی امراض سے بچانے کیلئے ضروری ہے انھیں حفظان صحت کے اصولوں سے روشناس کرایا جائے، انسداد ٹی بی کی قومی مہم کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب

ہفتہ 19 اگست 2017 19:18

تپ دق کے خاتمے کیلئے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ نجی ادارے بھی اپنی ذمہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ تپ دق کے خاتمے کے لیے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ نجی ادارے بھی اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ اس سلسلے میں انڈس اسپتال نے اچھی مثال قائم کی ہے جس کی پیروی کی جانی چاہئے۔ صدر مملکت نے یہ بات ہفتے کے روز مزار قائد اعظم پر انسداد ٹی بی کی قومی مہم کے افتتاح کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر انڈس اسپتال کے روح رواں ڈاکٹر عبدالباری خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ گورنر سندھ محمد زبیر بھی تقریب میں موجود تھے۔ صدر مملکت نے اس موقع پر ڈبلیو ایچ آو کے عالمی فنڈ کے ذریعے ملنے والے دس دس موبائل یونٹس کا بھی افتتاح کیا جن میں ایکسرے سمیت ٹی بی کی تشخیص کی پوری لیباریٹری کی سہولت دستیاب ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ عوام کو متعدی امراض سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ انھیں حفظان صحت کے اصولوں سے روشناس کرایا جائے۔

اس مقصد کے لیے ٹی بی مٹا پروگرام کے رضا کار اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ زندہ معاشروں کی یہ خوبی ہے کہ قومی ذمہ داریوں کی بجا آوری میں پیش پیش رہتے ہیں۔ انھوں نی توقع ظاہر کی کہ ٹی بی مٹا مہم کے ذریعے کراچی سے بہت جلد ٹی بی کا خاتمہ کردیا جائے گا۔ اس کے بعد ملک کے دیگر حصوں میں بھی یہ مہم کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ صدر مملکت نے کہا کہ مزار قائد اعظم سے اہم قومی مہم کی ابتدا اس بات کی علامت ہے کہ یہ مہم بھی قائد اعظم کے عزم صمیم کی پیروی کرتے ہوئے اپنے مقاصد حاصل کرے گی۔

صدر مملکت کے خطاب سے قبل ٹی بی مٹا مہم کے برانڈ ایمبیسیڈر اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان اور اسکولوں کی بچیوں نے حاضرین سے ٹ بی خاتمے کے لیے چلائی جانے والی مہم میں بھرپور تعاون کا عہد لیا۔صدر مملکت ممنون حسین نے انسداد ٹی بی کی قومی مہم کے افتتاح سے قبل مزار قائد اعظم پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ صدر مملکت نے اس موقع پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کی سترہویں سالگرہ پر مزار قائد پر حاضری ان کے لیے باعث سعادت ہے۔

انھوں نے لکھا کہ بانی پاکستان کی تعلیمات اور سیاسی افکار قوم کے لیگ مشعل راہ ہیں جن پر عمل کر کیبحرانوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی عمل داری کے ذریعے سیاسی بے راہروی کے دروازے بند کر کے جمہوری استحکام اور قومی ترقی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے اس موقع پر مزار قائد پر پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح بھی کیا جس کا اہتمام ایک مقامی اسکول نے کیا تھا۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے صدر مملکت کے بعد ایک پودا لگایا۔ اسکول کے بچوں نے صدر مملکت اور گورنر سندھ کو سووینئر بھی پیش کیے۔

متعلقہ عنوان :