شام کے 11 ہزار خالی پاسپورٹ داعش کے ہاتھوں میں چلے گئے، جرمن اخبار کا دعویٰ

اتوار 10 ستمبر 2017 19:00

شام کے 11 ہزار خالی پاسپورٹ داعش کے ہاتھوں میں چلے گئے، جرمن اخبار کا ..
فرینکفرٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 ستمبر2017ء) جرمن اخبار نے دعویٰ کیاہے کہ شام کے 11 ہزار خالی پاسپورٹ داعش کے ہاتھوں میں چلے گئے۔جرمنی کے اخبارویلٹ ایم سنوتاگ نے اتوار کے روز بتایا ہے کہ برلن حکام یہ سمجھتے ہیں کہ داعش تنظیم نے 11 ہزار سے زیادہ خالی شامی پاسپورٹس پر قبضہ کر لیا ہے۔اخبار نے وفاقی پولیس اور وزارت داخلہ کے خفیہ دستاویزات کے حوالے سے بتایا ہے کہ تحقیق کاروں نے شام میں حکام کی جانب سے چھاپے جانے والے خالی پاسپورٹس کے نمبروں کی فہرست تیار کی ہے۔

یہ پاسپورٹ اصلی دستاویز کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان میں کوئی بھی شخص اپنی ذاتی تفصیلات پر کر سکتا ہے۔جرمنی کے سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ شامی حکومت کے دفاتر سے 18 ہزار پاسپورٹ چوری ہوئے جن میں کئی ہزار داعش تنظیم کے علاوہ سیگر گروپوں کے ہاتھوں میں چلے گئے۔

(جاری ہے)

وفاقی پولیس کی ترجمان نے اخبار کو بتایا کہ دہشت گرد تنظیمیں اس موقع سے فائدہ اٹھا کر ممکنہ حملہ آوروں یا اپنے حامیوں کو یورپ جرمنی میں داخل کرانے کی کوشش کر رہی ہیں جو پکڑ میں نہیں آ سکتے۔

واضح رہے کہ نومبر 2015 میں پیرس میں ہونے والے حملوں کے پیچھے جس گروپ کا ہاتھ تھا اس میں کئی عناصر کے پاس شام کے جعلی پاسپورٹ تھے۔ ان حملوں میں 130 افراد جان سے مارے گئے تھے۔مذکورہ جرمن اخبار نے جن دستاویزات سے آگاہی حاصل کی ہے ان کے مطابق 2016 میں جرمن امیگریشن حکام کی چھان بین اور تحقیق پر 8625 پاسپورٹ جعلی نکلے۔

متعلقہ عنوان :