قومی وطن پارٹی کا فاٹا کے خیبر پختونخوا میں فوری انضمام کے حق میں احتجاجی مظاہرہ

فاقی حکومت آئے دن فاٹا کے انضمام کے راستے میں روڑے اٹکا رہی ہے کبھی رواج ایکٹ اورکبھی فاٹا کے امور چلانے کیلئے چیف آریٹنگ آفیسر کے جیسے بہانے ڈھونڈ رہی ہے لیکن قومی وطن پارٹی فاٹا کے فوری اورخیبر پختونخوا میں مکمل انضمام تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، سکندر حیات شیر پائو

پیر 11 ستمبر 2017 21:04

قومی وطن پارٹی کا فاٹا کے خیبر پختونخوا میں فوری انضمام کے حق میں احتجاجی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 ستمبر2017ء) قومی وطن پارٹی نے فاٹا کا خیبر پختونخوا میں فوری انضمام کے حق میںاور حالیہ مردم شماری کے اعداد و شمار کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو کررہے تھے۔مظاہرین نے پارٹی کے جھنڈے،بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر فاٹا انضمام کے حق اور حالیہ مردم کے اعداد و شمار کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرہ پشاورپریس سے شروع ہوا اور گورنرہائوس پہنچ کر جلسے کی صورت اختیار کرگیا جس سے پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور اگر اس میں مزیدلیت و لعل سے کام لیا گیا توپارٹی فاٹا کے مختلف ایجنسیوں کے ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی ریلیاں منعقد کرے گی اور فاٹا کے عوام کے حقوق اور انضمام کیلئے اسلام آباددھرنا سے بھی گریز نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے زور دے کر کہا کہ وفاقی حکومت آئے دن فاٹا کے انضمام کے راستے میں روڑے اٹکا رہی ہے کبھی رواج ایکٹ اورکبھی فاٹا کے امور چلانے کیلئے چیف آریٹنگ آفیسر کے جیسے بہانے ڈھونڈ رہی ہے لیکن قومی وطن پارٹی فاٹا کے فوری اورخیبر پختونخوا میں مکمل انضمام تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انھوں نے استفسار کیا کہ بعض سیاسی جماعتیں جو مرکزی حکومت کے اتحادی ہیں کن وجوہات پر فاٹا کے انضمام کے راستے میں رکاوٹ بن رہے ہیں جبکہ فاٹا ریفارمز کمیٹی کے علاوہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرینز،سول سوسائٹی،سیاسی جماعتیں اور خود فاٹا کے عوام نے خود خیبر پختونخوا میں انضمام کا فیصلہ کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں کے اتحاد کے مخالفین کی قومی وطن پارٹی ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور فاٹا کے عوام کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔انھوں نے کہا کہ پہلے ہی دن سے مردم شماری کے متعلق قومی وطن پارٹی نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا کیونکہ مردم شماری کیلئے گنتی مشین اسلام آباد میں نصب کی گئی تھی جبکہ دوسرے صوبوں کیلئے مردم شماری کی گنتی مشین انہی صوبوں میں نصب کئے گئے تھے۔

خیبر پختونخوا اور باالخصوص فاٹا کے مردم شماری میں کم تعداد ظاہر کرکے پختونوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے تاکہ ان کو مرکز سے حاصل ہونے والے محاصل میں اپنا پورا حصہ نہ مل سکے جس سے وفاق کی بد نیتی عیاں ہوتی ہے مرکزی حکومت کے اس رویے سے وفاق پرمنفی اثرات مرتب ہوں گے اور وفاقی اکائیوں میں پہلے سے موجود محرومیوں میں اضافہ ہو گا ۔انھوں نے تمام محب وطن ،جمہوری ،عوام دوست اور قوم پرست قوتوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قومی وطن پارٹی کے جھنڈے تلے متحد ہوکر پختونوں کے حقوق کیلئے متحد ہو جائے تاکہ اس خطہ میں امن،ترقی اورخوشحالی کیلئے جدوجہد کی جائے۔

مظاہرے سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر اور فاٹا لائرز فورم کے صدر رحیم شاہ آفریدی ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا۔