برما میں جاری انسانیت سوز مظالم کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر شاہین پاکستان اور فلسطین فائونڈیشن کا مشترکہ احتجاجی مظاہرہ

پیر 11 ستمبر 2017 21:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2017ء) برما میں جاری انسانیت سوز مظالم کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر شاہین پاکستان اور فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، رائو ناصر علی اور اویس قادری نے کی ، اس موقع پر مظاہرین کی بڑی تعداد شریک تھے جنہوںنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر برما میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی تصاویر اور مذمتی نعروں سمیت عالمی اداروں اور اقوام متحدہ کی بے حسی کے خلاف نعرے آویزاں تھے۔

احتجاجی مظاہرے سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، قومی بین المذاہب ہم آھنگی کمیٹی کے چیئر مین رائو ناصر علی، شاہین پاکستان کے چیئر مین اویس قادری ، فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی، معروف سماجی رہنما اتم پرکاش، ندیم شیخ،یوتھ پارلیمنٹ کے چیئر مین رضوان جعفر، یوتھ رہنما اویس ربانی، سبحان بیگ، شہزادی کنول، جاوید علی، مظہر احمد خان، طلحہ انور اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری برما میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے۔

(جاری ہے)

دنیا نے انسانیت کے اہم مسئلہ فلسطین کو فراموش کر دیا، نتیجہ میں کشمیر وافغانستان سمیت عراق اور برما جیسے مسائل جنم لے رہے ہیں۔برما میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کے عوا م مصیبت کی اس گھڑی میں برما کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔اس موقع پر مظاہرین نے برما کے مسلمانوں کے حق میں اور میانمار حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔