لاہور، جے یو پی محرم کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے کردار ادا کرے گی،

شاہ محمد اویس نورانی تمام مکاتب فکر جیو اور جینے دو کی روش اختیار کریں، راہنماء جمعیت علماء

بدھ 20 ستمبر 2017 22:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2017ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ جے یو پی محرم کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے کردار ادا کرے گی۔ تمام مکاتب فکر جیو اور جینے دو کی روش اختیار کریں۔ محرم میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے تمام مسالک کے علماء اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

منبر و محراب سے امن و محبت کا پیغام دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے محرم کے سلسلہ میں منعقدہ تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ حسینیت اور یزیدیت کی جنگ آج بھی جاری ہے۔ امریکہ دور حاضر کی یزیدی قوتوں کا سرغنہ ہے۔ پیغام حسین کا اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ مستحکم جمہوریت کے لئے پارلیمنٹ کی بالادستی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ملکی سلامتی اور قومی مفاد کے معاملات پر سیاسی و عسکری قیادت یکسو ہو جائے تو کوئی ہمارے کردار پر انگلی نہ اٹھائے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسلامی انتہا پسندی کے خلاف بات کرنے والے ٹرمپ کو ہندو، یہودی اور عیسائی انتہا پسندی کیوں نظر نہیں آتی۔ ٹھوس حکمت عملی کے تحت دنیا کو بھارت کی پاکستان میں مداخلت سے آگاہ کرنا ہو گا۔ بھارت بلوچ علیحدگی پسندوں پر بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ سوئٹزر لینڈ کی سرزمین کا آذاد بلوچستان کی مہم کے لئے استعمال ہونا افسوسناک ہے۔ ملک کی مضبوطی جمہوریت اور آئین کی پاسداری میں ہے۔ اعتماد سازی اور بدگمانی کے خاتمے کے لئے پاک افغان مزاکرات اور باہمی رابطے ضروری ہیں۔

متعلقہ عنوان :