ایس ایس جی پی ایل اورسوئی نادرن رواں مالی سال کے دوران گیس کی ترسیل اورتقسیم کے نیٹ ورک کو بہتربنانے اوراسے توسیع دینے پر 64.209ارب روپے خرچ کریں گی

اتوار 15 اکتوبر 2017 12:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2017ء) سوئی سدرن گیس پائپ لائنزکمپنی(ایس ایس جی پی یل) اورسوئی نادرن گیس پائپ لائنزکمپنی(ایس این جی پی ایل) رواں مالی سال کے دوران گیس کی ترسیل اورتقسیم کے نیٹ ورک کو بہتربنانے اوراسے توسیع دینے پر 64.209ارب روپے خرچ کریں گی۔ سرکاری ذرائع نے اے پی پی کو بتایا کہ دونوں کمپنیاں گیس کی ترسیل، تقسیم اوردیگرمنصوبوں میں بالترتیب 12ہزار709ملین روپے،43ہزار45ملین روپے اور8ہزار462ملین روپے کی سرمایہ کاری کریں گی جن کی مجموعی مالیت64ہزار209ملین ررپے بنتی ہے۔

دونوں کمپنیاں اس کے علاوہ رواں سال 4لاکھ 14ہزار7سو23نئے گیس کنکشن بھی فراہم کریں گی ۔قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے پیٹرولیم وقدرتی وسائل نے مالی سال 2017-18اور2018-19میں 20لاکھ نئے گیس کنکشنوں کی فراہمی کی تجویز دی تھی۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر ذرائع نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میں ایس این جی پی ایل نے 2013سے لیکر اب تک مجموعی طورپر 1.5ملین نئے گیس کنکشن دئیے ہیں اورموجودہ حکومت کی مدت کی تکمیل پر یہ تعداد25لاکھ تک پہنچنے کی قوی امید ہے۔

اسی طرح ایس ایس جی پی ایل کے علاقوں میں کسی تاخیر کے بغیرنئے گیس کنکشن دئیے جارہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق ایل این جی کی درآمد شروع ہونے کے ساتھ ہی ملک میں توانائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔اعداد وشمار کے مطابق جولائی 2016سے لیکرفروری 2017تک تین لاکھ 60ہزار465گھریلو،339کمرشل اور20صنعتی کنکشن دئیے گئے ۔

متعلقہ عنوان :