سعودی عرب میںرات کی شفٹوں میں کام کرنے والی خواتین کے لئے نئے ضوابط مرتب کر لئے گئے

اتوار 15 اکتوبر 2017 16:11

سعودی عرب میںرات کی شفٹوں میں کام کرنے والی خواتین کے لئے نئے ضوابط ..
ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2017ء) سعودی وزارت محنت و سماجی بہبود کی جانب سے خواتین ملازمین کیلئے نئے ضوابط مرتب کئے گئے ۔سعودی اخبار کے مطابق وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایسے ادارے جہاں رات کی شفٹوں میں بھی کام ہوتا ہے وہاں کام کرنے والی خواتین کو بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ اخبار نے وزارت محنت کے حوالے سے مرتب کئے جانے والے قواعد کے حوالے سے کہا ہے کہ ملازمین کے کام کے اوقات متعین کئے گئے ہیں ، اگر ان اداروں میں خواتین کارکن ہیں اور وہ ادارے انہیں رات کی شفٹ میں کام فراہم کرنا چاہیں تو انہیں قواعد کے مطابق کارکنوں کو مناسب ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے۔

ایسے ادارے جہاں رات کی شفٹ میں کام ہوتا ہے انہیں چاہئے کہ وہ شفٹوں کی تفصیل اور کام کی نوعیت سے وزارت محنت کو مطلع کریں اور اس کی باقاعدہ اجازت حاصل کریں۔

(جاری ہے)

ان مقامات اور رات کو کام کرنے والی خواتین کی تفصیل سے بھی وزارت کو مطلع رکھیں۔ رات کی شفٹوں میں کام کرنے والی خواتین کو اضافی الائونس دیا جائے۔ غیر آباد مقام پر قائم ادارے رات کی شفٹوں میں خواتین کارکنوں کو متعین نہیں کر سکیں گے انہیں اس بات کی اجازت نہیں ہو گی۔

ایسی خواتین 2 شفٹوں میں کام کرتی ہیں انہیں دوسری شفٹ کیلئے اضافی ٹرانسپورٹ الائونس فراہم کیاجائے یا انہیں مناسب ٹرانسپورٹ کی سہولت دی جائے۔ وزارت محنت کی جانب سے نئے مرتب کئے جانے والے ضوابط میں مزید کہا گیا ہے کہ رات کی شفٹ میں کام کرنے والی خواتین کی تعداد کم از کم 3یا اس سے زیادہ ہو۔ مقررہ تعداد سے کم خواتین کو رات کی شفٹ میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

رات کی شفٹ میں کام کرنے والی خواتین کو مناسب ماحول فراہم کرنا ادارے کی ذمہ داری ہے جہاںوہ خود کو محفوظ سمجھیں۔ان مقامات پر جہاں عام لوگوں کی آمد ورفت ہو وہاں کام کرنے والی خواتین کی حفاظت کیلئے سیکیورٹی گارڈ ز فراہم کرنا ضروری ہوگا۔ رات کی شفٹ میں کام کرنے والی خواتین کی رضامندی تحریری طور پر وز ارت کو پیش کرنا ہو گی۔

متعلقہ عنوان :