قاتلوں کے سوا کوئی متاثر نہیں ہو گا ،نجفی رپورٹ پر بڑے فیصلے کی امید ہے، کور کمیٹی عوامی تحریک

حکومت ختم نبوت کا قانون بدلنے کی مجرم ہے ،ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے،خرم نواز گنڈاپور

پیر 13 نومبر 2017 21:49

قاتلوں کے سوا کوئی متاثر نہیں ہو گا ،نجفی رپورٹ پر بڑے فیصلے کی امید ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 نومبر2017ء)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے عوامی تحریک کی کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ختم نبوت کا قانون بدلنے کی مجرم ہے ، قانون بحال اور ایمان کی اساس پر حملہ کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے،نواز شریف نے ریلیف کیلئے غیر ملکی قوتوں کے ایما پر ختم نبوت کا قانون ختم کروایا ،حلف میں تبدیلی اور بحالی ڈرامہ تھی ،اصل جرم 7B اور 7C کو ختم کرنا ہے ۔

آج 14 نومبرجسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک کئے جانے کیحوالے سے لاہور ہائیکورٹ کا فل بنچ حکومتی اپیل کی سماعت کرے گا اور رپورٹ کا جائزہ لے گا ،نجفی رپورٹ کے پبلک ہونے سے قاتلوں کے سوا کوئی متاثر نہیں ہو گا، بڑا فیصلہ آنے کی امید ہے،اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کی کور کمیٹی کے ممبران کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

کمیشن رپورٹ پبلک کرنے کے حوالے سے حق میں بیانات دینے والے سیاسی رہنمائوں کے شکر گزار ہیں ۔ کور کمیٹی نے بجلی،گیس ،پٹرول،پیاز،ٹماٹر،سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی خبروں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نا اہل کی باقیات عوام سے بدلہ لے رہی ہے ۔عدلیہ سے نا اہل اور بد عنوان قرار پانے والوں کو عوامی عدالت سے بھی منہ کی کھانا پڑے گی۔

ن لیگ عدلیہ کے خلاف احتجاجی مہم چلانے کیلئے شیڈول تیار کر رہی ہے ، اس بارعوام ان بد عنوانوں کے پر کاٹ دیں گے ۔خرم نواز گنڈا پور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں ہفتے سربراہ عوامی تحریک وطن پہنچ جائیں گے اور آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل دینگے ۔خرم نواز گنڈا پور نے مزید کہاکہ تمام ہم خیال سیاسی جماعتوں کے رابطے میں ہیں ،اس وقت سب سے بڑا چیلنج کرپشن ہے،جب تک قومی خزانے کی لوٹ مار میں ملوث عناصر کا احتساب نہیں ہوتا اور ان سے لوٹی گئی پائی پائی وصول نہیں کر لی جاتی اور انتخابی اصلاحات نہیں ہوتیں تب تک انتخابات کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا ۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ بجلی،گیس پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے بالخصوص مٹی کے تیل کی قیمتوں میں 50 فی صد کمی کی جائے کیونکہ آج بھی 50فی صد سے زائد آبادی گیس کی سہولت سے محروم ہے اور زیادہ تر کھانے پکانے کیلئے مٹی کے تیل پر انحصار کیا جاتا ہے۔ قیمتیں بڑھا کر عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ مت کیا جائے