پہلی مرتبہ ملکی و غیر ملکی ماہرین ‘صوبوں کو اکٹھا کر کے پہلی تا پانچویں تک کا نصاب تیار کر لیا ہے ‘

نیا نصاب کتابوں کی شکل میں منتقلی کا عمل بھی جلد مکمل ہوجائے گا‘ انجینئر بلیغ الرحمان

منگل 14 نومبر 2017 16:37

پہلی مرتبہ ملکی و غیر ملکی ماہرین ‘صوبوں کو اکٹھا کر کے پہلی تا پانچویں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2017ء) وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ ملکی و غیر ملکی ماہرین ‘صوبوں کو اکٹھا کر کے پہلی تا پانچویں تک کا نصاب تیار کر لیا ہے ‘ نیا نصاب کتابوں کی شکل میں منتقلی کا عمل بھی جلد مکمل ہوجائے گا‘ تعلیم کے شعبے میں مثالی بہتری سے تین سالوں کے دوران 40لاکھ زائد طلباء و طالبات کی انرولمنٹ ہوئی ہے ‘ ‘وزارت تعلیم میں بھی ایس ڈی جیز سیل قائم کر دیا گیا ہے‘اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں 100فیصد ٹوائلٹس موجود ہیں‘ 12سے 14ماڈل ٹوائلٹس بنائے جارہے ہیں‘3سالوں کے دوران پنجاب نے 21فیصد اور کے پی کے نے تعلیمی اداروں میں 10فیصد ٹوائلٹس کا اضافہ کیا ہے ۔

وہ پیر کو اسلام آباد ماڈل گرلز کالج میں ہاتھ دھونے کے عالمی دن کی مناسبت سے صحت مند پاکستان پروگرام کے تحت ہمارے ہاتھ ‘ہمارا مستقبل کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا کہ آج ہم نے عہد کیا ہے کہ ہاتھ دھو کر اپنی صحت اور معاشرے کی صحت کے لئے پیغام آگے پہنچائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ نصاب سازی کے لئے پہلی مرتبہ ملکی اور غیر ملکی ماہرین ‘صوبوں کو اکٹھاکر کے پہلی سے پانچویں تک کے لئے نصاب تیا کر لیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کا اس بات پر زور ہے کہ گلوبل سیٹیزن کے حوالے سے بھی پڑھایا جائے ‘گلوبل سیٹزن میں جہموری رویوں کے بارے میں ہے ‘اسے بھی نصاب میں شامل کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہ کہ ملیننیئم ڈویلپمنٹ گولز (ایم ڈی جیز ) طے ہوئے تو دو سال تک اسکا اجلاس ہی نہیں ہوا لیکن دو سال کے بعد جب ایس ڈی جیز بنائے گئے تو وزیراعظم محمد نواز شریف نے 2015میں اقوام متحدہ میں جا کر اس پر دستخط کیے تھے ۔

ایس ڈی جیز پر دستخط کے بعد پاکستان کی پارلیمنٹ میں ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کے لئے وزیر مملکت مریم اورنگزیب کی کاوشوں کو سراہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی ‘ جی ڈی پی گروتھ کے لئے بھی بہت کام کیا ہے ‘ رواںسال جی ڈی پی 6فیصد کا ہدف بھی حاصل کر لیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ دور آمریت میں سوات ‘فاٹا ‘بلوچستان کے حالات سب کے سامنے تھے ‘کئی جگہوں پر پاکستان کا پرچم لہرانا بھی مشکل ہوچکا تھا لیکن موجودہ حکومت کی بہتری پالیسیوں کی بدولت ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال کافی حد تک بہتر ہو چکی ہے ‘سکیورٹی فورسز ‘عوام کی قربانیوں سے جہموریت کامیابی کے سفر پر گامزن ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ‘وزیراعظم ایجوکیشن ریفارمز پروگرام پر اسی تیزی سے کام کررہے ہیں ‘وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں کے لئے بسیں ‘ڈھانچے ‘کلاس رومز‘ لیبارٹریوں کی اپ گریڈیشن اور سماجی ایشوز سے نمٹنے کے لئے جامع حکمت کے تحت کام جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں بالخصوص بچیوں کے تعلیمی اداروں کے لئے ٹوائلٹس بہت ضروری ہیں ‘ٹوائلٹس نہ ہونا یا صفائی نہ ہونا بچیوں کے تعلیمی اداروں میں جانے میں رکاوٹ ہے‘اس پر وفاق اور صوبوں میں کام ہو رہا ہے ‘2013میں پنجاب کے 78فیصد اور کے پی کے کے 79فیصد تعلیمی اداروں میں ٹوائلٹس تھے ‘تین سال کے بعد اب پنجاب میں 99فیصد تعلیمی اداروں اور کے پی کے میں 88فیصد تعلیمی اداروں کے اندرٹوائلٹس موجود ہیں ۔