مذہبی جماعتوں نے دھرنا ختم کرنے کا عدالتی حکم ماننے سے انکارکردیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 16 نومبر 2017 15:49

مذہبی جماعتوں نے دھرنا ختم کرنے کا عدالتی حکم ماننے سے انکارکردیا
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار - 16نومبر 2017ء):مذہبی جماعتوں نے دھرنا ختم کرنے کا عدالتی حکم ماننے سے انکارکردیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج شوکت عزیز صدیقی نے سیاسی اور دینی جماعت لبیک یا رسول اللہ کی طرف سے دائر کی جانے والی درخواست کی سماعت کی۔اس درخواست میں انتخابی اصلاحات میں رکن پارلیمان کے لیے حلف میں ختم نبوت کے بارے میں ترمیم کو چیلنج کیا گیا تھا جو کہ پاکستان میں غیر مسلم قرار دیے جانے والی احمدی برادری سے متعلق ہے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران عدالت نے مذہبی جماعتوں کو دھرنا ختم کرنے کا حکم دیا تھا اس موقع پر عدالت کا کہنا تھا کہ نیکی کے کام کو اگر غلط انداز سے کیا جائے تو یہ عمل بھی غلط ہی ہو گا۔دھرنے کی وجہ سے شہری مشکلات کا شکار ہیں لہذا دھرنا ختم کیا جائے۔فیض آباد پر دھرنا دینے والی جماعتوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ان جماعتوں کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ وہ مقدمات سے گھبرانے والے نہیں ہیں اور جب تک وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کو ان کے عہدے سے نہیں ہٹایا جاتا اس وقت تک دھرنا جاری رکھیں گے۔