سعودی عرب کیساتھ تعلقات کو مکمل معمول پر لانے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت آئندہ ہفتے سعودی عرب جائے گی

وزیرا عظم، آرمی چیف ،ڈی جی آئی ایس آئی اور دیگر اعلی حکام پر مشتمل وفد21 نومبر کو سعودی عرب جائے گا، دفتر خارجہ اور پاکستان میں سعودی سفیر نے تمام انتظامات اور دورے میں ملاقاتوں کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی

جمعہ 17 نومبر 2017 21:30

سعودی عرب کیساتھ تعلقات کو مکمل معمول پر لانے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2017ء) سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مکمل طور پر معمول پر لانے کے لئے سیاسی اور عسکری قیادت آئندہ ہفتے سعودی عرب جائے گی اس حوالے سے دفتر خارجہ اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نے تمام انتظامات اور دورے کے دوران ہونے والی ملاقاتوں کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی ہے۔

(جاری ہے)

حکومتی و سفارتی ذرائع نے بتایا کہ وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور دیگر اعلی حکام پر مشتمل وفد21 نومبر کو سعودی عرب جائے گا جہاں ان کی سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں ہونگی ،اعلی سطح کا یہ وفد سعودی فرمانروا، شاہ سلمان ، ولی عہد محمد بن سلمان اور دیگر اعلی سعودی حکام سے ملیں گے اس دورے کا مقصد مشرق وسطی کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں سعودی قیادت کی جانب سے کئے گئے حالیہ فیصلوں کی حمایت کرنا اور پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلانا ہے ذرائع نے مزید بتایا کہ اس دورے کا مشورہ قومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں عسکری قیادت کی جانب سے ہی دیا گیا تھا تاکہ سعودی عرب کے ساتھ ہر سطح پر تعلقات کو معمول پر لایا جا سکے اور جو دہشت گردی کے خلاف فوجی اتحاد ہے اس میں بھی پاکستان اپنے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلائے گا جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ انسداد بد عنوانی کے تحت جو اقدامات سعودی حکومت نے اٹھائے ہیں اس کی بھی پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :