کورنگی صنعتی علاقے سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر کورنگی کا کاٹی سے خطاب

جمعہ 24 نومبر 2017 17:46

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) کمشنر کورنگی عبدالواجد شیخ نے کہا ہے کہ کورنگی صنعتی علاقے سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن شروع کیا جارہا ہے، جلد ہی اینٹی انکروچمنٹ مہم کا آغاز کردیا جائے گا۔ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے دورے کے موقعے پر ڈی سی ضلع کورنگی نے کورنگی صنعتی علاقے میں پائی جانے والی تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی اور ای بی ایم کازوے میں کچرے کی ڈمپنگ روکنے کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے کہا کہ جام صادق پل کے نزدیک بجری ڈمپ کرنے کا اجازت نامہ منسوخ کردیا گیا ہے، تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہران ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں قبضہ مافیا کی سرگرمیاں ختم کرنے کے لیے کے ڈی اے حکام کا مطلوبہ تعاون میسر آئے تو اس سلسلے میں بھرپور تعاون کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں کاٹی کے صدر طارق ملک، سینیئر نائب صدر سلمان اسلم، نائب صدر جنید نقی، چیئر مین و سی ای او کائٹ ڈی ایم سی زبیر چھایا، مسعود نقی، گلزار فیروز، غضنفر علی خان، فرحان الرحمان اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔

قبل ازیں کاٹی کے صدر طارق ملک نے کاٹی آمد پر ڈی سی کورنگی عبدالواجد شیخ کا خیر مقدم کیا اور انھیں کورنگی صنعتی علاقے کا تفصیلی تعارف اور مسائل سے متعلق بریفنگ دی۔ چیئرمین و سی ای او کائٹ ڈی ایم سی اور کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے بلدیاتی امور زبیر چھایا نے ڈی سی کورنگی کو کورنگی صنعتی علاقوں کے درپیش مسائل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ علاقے میں غیر قانونی تجاوزات کی صورت میں خلاف قانون کاروباری سرگرمیاں جاری ہیں اور چھپڑ ہوٹل کی صورت میں جرائم پیشہ عناصر کو محفوظ پناہ گاہیں میسر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بجری مافیا اور مشینری کرائے پر دینے والوں نے علاقے کی اہم سڑکوں پر تجاوزات کھڑی کر رکھی ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای بی ایم کاز وے کے اطراف میں ملیر ندی کے اندر ہونے والی کچرے اور ملبے کی ڈمپنگ مستقبل میں کسی خوف ناک حادثے کا سبب بن سکتی ہے اور اس کی وجہ سے علاقے کے ماحول پر مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

انہوں نے مسائل کے حل کے لیے ڈسٹرک کو آپریشن کمیٹی بنانے کی تجویز بھی دی۔ کاٹی کے سینئر نائب صدر سلمان اسلم نے سلمان اسلم نے ڈپٹی کمشنر کو سیکٹر 24میں تجاوزات اور دیگر مسائل سے توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ سڑک پر بڑی گاڑیوں کی غیر قانونی پارکنگ اور سرکاری زمین پر قبضے کی وجہ سے اس سیکٹر کی 400صنعتیں متاثر ہورہی ہیں۔ اس موقع پر کاٹی کے سابق صدر مسعود نقی نے کہا مختلف اداروں کی جانب سے صنعتی علاقوں کی سڑکوں کی کھدائی کو روکنے اور بوقت ضرورت اجازت کے لیے میکانزم بنانے کی ضرورت ہے، انہوں کہا کہ روڈ 8ہزار پر کسی بھی قسم کی کھدائی اور روڈ کٹنگ کو جرم قرار دیا جائے۔ ڈی سی کورنگی نے کہا کہ تمام مسائل حل کرنے کے لیے تعاون کریں گے۔