چین کا پاکستان میں اپنے شہریوں کیلئے سکیورٹی انتباہ جاری

چینی شہریوں کو خطرات بارے کوئی دھمکی نہیں ملی اسلئے کوئی الرٹ بھی جاری نہیں کیا گیا،وزارت داخلہ کا موقف

جمعہ 8 دسمبر 2017 21:28

چین کا پاکستان میں  اپنے شہریوں کیلئے  سکیورٹی انتباہ جاری
لندن ،اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2017ء) چین نے پاکستان میں کام کرنیو الے اپنے شہریوں کیلئے سکیورٹی انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں اس لئے اپنی سکیورٹی کے لئے خود بھی اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

برطانوی نیوز ایجنسی رائٹر ز کی رپورٹ کے مطابق چینی شہریوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ پاکستان میں سکیورٹی کے حالات بہتر نہیں اور اس حوالے سے چینی شہریوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں لہذا کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے چینی شہری اپنے سکیورٹی کے اقدامات خود کریں۔

دوسری جانب پاکستانی وزارت داخلہ کے ترجمان نے موقف دیا ہے کہ چینی شہریوں کو خطرات کے حوالے سے کوئی دھمکی نہیں ملی اس لئے کوئی الرٹ بھی جاری نہیں کیا گیا۔ پاکستان میں چینی شہریوں سمیت کسی بھی ملک کی شہریت کے حامل افراد کو خطرات لاحق نہیں ۔ پاکستان چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئے سخت اقدامات کر رہا ہے اور انہیں طرح سے تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔۔