مخالفین نواز شریف سے خوفزدہ،دھرنوں اور انتشار کی سیاست کرنے والوں سے 2018میںعوام پوچھیں گے‘پرویز ملک

مخالفین مسلم لیگ ن کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں،لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی بڑی کامیابی ہے ،وفاقی وزیر تجارت کا عہدیداروں سے خطاب

منگل 2 جنوری 2018 19:49

مخالفین نواز شریف سے خوفزدہ،دھرنوں اور انتشار کی سیاست کرنے والوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جنوری2018ء) وفاقی وزیر برائے تجارت محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ مخالفین صرف محمد نواز شریف سے خوفزدہ ہیں،دھرنوں اور انتشار کی سیاست کرنے والوں سے عوام 2018میں جواب طلب کریں گے، پی ٹی آئی کے کام عوام کے سامنے ہیں،مخالفین دھرنوں اور الزام تراشی کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتے، مخالفین مسلم لیگ ن کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں،لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی بڑی کامیابی ہے ،مخالفین کے پروپیگنڈے سے ہمیں کوئی پریشانی یا خوف نہیں ہے، مسلم لیگ ن پہلے سے زیادہ مضبوط اور متحد ہے، مخالفین نے محمد نواز شریف کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کے علاوہ کوئی کام ذمہ داری سے نہیں کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمیاں مرغوب احمد، چوہدری شہباز ایم پی اے ،سید توصیف شاہ،ڈاکٹر اسد اشرف،رانا احسن شرافت،عامر خان، چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،چوہدری جاوید اقبال ،ڈسٹرکٹ ممبر سمیرا امجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان جتنا چاہے واویلا کریں الیکشن2018ء میں ہی ہوں گے،اپنی نا اہلی کو چھپانے کے لئے دوسروں پر الزام تراشی کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برس کے دوران حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا ہے اور مکمل ہونے والے بڑے منصوبوں اور فلاحی پروگراموں سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہورہی ہے۔

سی پیک 21 کروڑ پاکستانیوں کی خوشحالی کا عظیم الشان منصوبہ ہے اور چین کی اس تاریخی سرمایہ کاری کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں، سی پیک پاکستان کیلئے ایک گیم چینجر بن چکاہے اور اس منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورا خطہ مستفید ہو گا۔