سپریم کورٹ کے احکامات کے پیش نظر کراچی میں بلاامتیاز و تفریق تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں ، میئر کراچی وسیم اختر

تاثر غلط ہے مخصوص شادی ہال یا عمارتوں کو توڑا جا رہا ہے ،کراچی کے تمام علاقوں میں جو کے ایم سی کی حدود میں واقع ہیں کارروائی عمل میں لائی جائے گی

بدھ 10 جنوری 2018 23:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے پیش نظر کراچی میں بلاامتیاز و تفریق تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں یہ تاثر غلط ہے کہ مخصوص شادی ہال یا عمارتوں کو توڑا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام علاقوں میں جو کے ایم سی کی حدود میں واقع ہیں کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کھیل کے میدانوں، پارکوںاور فلاحی پلاٹوںپر قائم تجاوزات ختم کی جائیں گی یہ بات انہوں نے محکمہ اینٹی انکروچمنٹ کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہی، میئر کراچی نے کہا کہ یہ بات باعث تعجب ہے کہ کے ایم سی کی زمینوں پر بعض غیر متعلقہ اداروں کی جانب سے لیز دی گئی ہے جو قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے اور کے ایم سی ان اداروں کے خلاف کارروائی کرے گی شہریوں کو ان کے مفاد میں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ جائیداد کی خرید و فروخت میں کاغذات کی تبدیلی یا مالکانہ حقوق حاصل کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کرلیں کہ یہ زمین کس ادارے کی ملکیت ہے میئر کراچی نے ہدایت کی کہ سپریم کورٹ کی احکامات کے مطابق رفاعی پلاٹوں کے غیرقانونی استعمال کو ختم کرنے کے لئے بلاامتیاز و تفریق کارروائی کریں اور یہ پلاٹس جن مقاصد کے لئے مخصوص کئے گئے ہیں انہیں اسی استعمال میں لایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامیہ سے بھرپور مدد حاصل کی جائے اور کارروائی کو تیز کیا جائے، میئر کراچی نے سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات کو ہدایت کی کہ اگر کسی کے پاس لیز کے کاغذات یا دیگر کوئی قانونی دستاویزات موجود ہیں اور قواعد پر پورے اترتے ہیں تو اس پلاٹ کو اسی تناظر میں رکھتے ہوئے کارروائی کی جائے، سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری ہے اور مختلف آپریشن کے ذریعے اب تک متعدد رفاعی پلاٹس کو خالی کرایا گیا ہے اور ان پلاٹوں پر قائم شادی ہالز کو مسمار کردیا گیا ہے، میئر کراچی نے ہدایت کی کہ جن مقامات سے تجاوزات ختم کی گئی ہیں اس بات کا خیال رکھا جائے کہ وہاں دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہوں، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ایک بار پھر شہریوں خصوصاً کاروباری برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ تجاوزات کے خلاف بلدیہ عظمیٰ کراچی سے تعاون کریں اور رضاکارانہ طور پر تجاوزات کو ختم کردیں کیونکہ شہر اور شہریوں کی بہتری اسی میں ہے کہ ہم سب مل کر اس شہر کی بہتری کے لئے سوچیں اور اپنے شہر کو تجاوزات سے پاک کرکے ایک مثالی شہر بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بڑی بڑی مارکیٹوں کے باہر جو کیبنز، ٹھیلے، پتھارے اور عارضی دکانیں قائم ہیں انہیں بھی فوری طور پر ختم کیا جائے خصوصاً فٹ پاتھوں پر قائم ہر قسم کی تجاوزات کو فوری ہٹا دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :