رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران نئی کاروں کی پیداوار میں 19.46 فیصد اضافہ

جمعہ 12 جنوری 2018 16:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء)رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران نئی کاروں کی پیداوار میں 19.46 فیصد اضافہ ہو گیا۔ پاکستان آٹو موبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی اے ایم ای) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے دسمبر 2017-18ء کے دوران نئی کاروں کی پیداوار ایک لاکھ 7 ہزار 787 یونٹس ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 90 ہزار 222 یونٹس تھی۔

دسمبر 2017ء کے دوران گزشتہ سال کے مقابلے میں کاروں کی پیداوار میں 9.72 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ دسمبر 2017ء کے دوران 16598 یونٹس نئی کاروں کی پیداوار حاصل ہوئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 15127 یونٹس تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق معروف کارساز کمپنی ہنڈا کی پیداوار نمایاں رہی۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال کے مقابلے میں ہنڈا کمپنی نے 19573 یونٹس نئی کاریں تیار کیں جبکہ سوزوکی سوئفٹ کی پیداوار میں 9.94 فیصد کا اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق سوزوکی کلٹس کی پیداوار میں اضافہ جبکہ ٹویوٹا کرولا کی پیداوار میں نمایاں کمی رہی۔ سوزوکی ویگن آر کی پیداوار میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 100 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مذکورہ عرصہ کے دوران سوزوکی ویگن آر کی پیداوار 15670 رہی جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 7807 یونٹس تھی۔ سوزوکی بولان کی پیداوار 11503 یونٹس ریکارڈ کی گئی جو مالی سال 2016-17ء کی اسی مدت کے دوران 10 ہزار 419 یونٹس تھی۔