حکومت ملک کے ہر شہری تک ٹیکنالوجی کی سہولت پہنچانے کیلئے پرعزم ہے ،انوشہ رحمن

2013ء میں ملک میں ٹو جی سے آگے کاتصور بھی نہیں تھا ،صرف 3فیصد علاقوں تک براڈ بینڈ کی سہولت دستیاب تھی ،حکومتی کوششوں سے اب ملک کا 35فیصد علاقہ براڈ بینڈ کی سہولت سے مستفید ہو رہا ہے ،وزیر مملکت کا نیشنل انکوبیشن سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 13 جنوری 2018 18:27

حکومت ملک کے ہر شہری تک ٹیکنالوجی کی سہولت پہنچانے کیلئے پرعزم ہے ،انوشہ ..
اسلام آباد / پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2018ء) وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے ہر شہری تک ٹیکنالوجی کی سہولت پہنچانے کیلئے پرعزم ہے ،2013ء میں ملک میں ٹو جی سے آگے کاتصور بھی نہیں تھا ،صرف 3فیصد علاقوں تک براڈ بینڈ کی سہولت دستیاب تھی ،حکومتی کوششوں سے اب ملک کا 35فیصد علاقہ براڈ بینڈ کی سہولت سے مستفید ہو رہا ہے ۔

ہفتہ کو پشاور میں نیشنل انکوبیشن سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت انوشہ رحمن نے کہا کہ 2014ء کے بعد آئی ٹی کے شعبہ میں انقلاب آیا ہے جس میں سالانہ 20ہزار سے زائد نوجوان گریجویشن کی تعلیم مکمل کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کیلئے انکی معاونت کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے آئی ٹی کی وزارت کی کوششوں کے نتیجہ میں اب ملک میں 100افراد پرمشتمل گائوں تک بھی تھری جی کی سہولت پہنچائی جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شعبہ کی ترقی کیلئے 40ارب روپے سے زائد خرچ کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انکوبیشن سنٹر ہمارے نوجوانوں کا حق ہے اور اس حوالے سے اگر ہمیں اپنی منصوبہ بندی میں 50فیصد کامیابی ملتی ہے تو یہ بڑی کامیابی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک نے آئی ٹی کے شعبہ میں ترکی اور دیگرممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی کے بغیر پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ناممکن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل انکوبیشن سنٹر ایک خواب تھا جس کی آج تعبیر حاصل ہو رہی ہے اور اس کے قیام سے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال مئی میں کوئٹہ اور کراچی میں انکوبیشن مراکز کا افتتاح کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ گھر سے روز گار کما سکنے کے قابل نوجوانوں کی تعداد دو لاکھ سے زائد ہے جبکہ شعبہ میں ایک ملین نوجوانوں کو تربیت دیکر آن لائن پروگراموں سے استفادہ کے قابل بنایا جائے گا اور سلسلے میں تربیتی پروگرام جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزارت ملک کے ہر شہری تک ٹیکنالوجی کی سہولت پہنچانے کیلئے پرعزم ہے اور شعبہ کی برآمدات کو دس ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ تقریب میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات ، گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑااور امیر مقام سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے بھی شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :