بھارتی سکیورٹی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری ، مزید5شہری شہید ،35 شدید زخمی ، درجنوں مویشی ہلاک و زخمی

ہفتہ 20 جنوری 2018 22:12

بھارتی سکیورٹی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری ، مزید5شہری ..
سیالکوٹ ۔20جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2018ء) ۔ تفصیلات کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارتی سکیورٹی فورسز نے تیسرے روز بھی ورکنگ باؤنڈری کے علاقوں بجوات ، چپراڑ ، سجیت گڑھ، ہرپال ، باجرہ گڑھی ، معراجکے ، پھوکلیان، رڑکی اعواناں ، کنڈیال کنگرہ ،جوئیاں سلہریاں، تانگڑہ راجہ ہرپال ، چارواہ ، ہرناوالی ، پنڈولی ، تول ملانے و دیگر میں بلا اشتعال فائرنگ ، بھاری گولہ باری اور بڑے ہتھیارو ں کا آزادانہ استعمال کیا ۔

بھارتی فورسز نے پاکستانی پوسٹوں کے علاوہ پاکستانی آبادی کو شدید نشانہ بنایا ۔ بی ایس ایف کی جانب سے بجوات کے گاؤں پٹولی میں بھاری گولہ باری کی گئی جس کے نتیجہ میں کمسن 3سالہ بیٹے حسنین کے ساتھ کھیلتی ہوئی اس کی ماں نجف بتول مارٹر گولہ لگنے دونوں شہید ہو گئے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ 45سالہ محمد سرور ، 18سالہ وحید ، 56سالہ رشید بشیرشہید ہو گئے جبکہ 45سالہ محمد سرور ، 52سالہ نسرین ،50سالہ زینب ،36سالہ رخسانہ شمس ، 32سالہ نوید انور ، 14سالہ محمد رفاقت ، 8سالہ حیدر شاہ ، 22سالہ واجد شاہ،20سالہ مدیحہ واجد ، 50سالہ صغراں بی بی،65سالہ اصغر ولد اللہ رکھا ،18سالہ غلام فرید،45سالہ محمد صدیق ،15سالہ سحر اقبال،70سالہ محمد علی ،26سالہ راج رمضان،18سالہ ولید ،32سالہ زاہد لطیف،22سالہ سرفراز رمضان،45سالہ عاشق ابراہیم،44سالہ شمیم ذوالفقار،60سالہ نذیراں بی بی ،30سالہ عدنان ،45سالہ نسرین بشیر،باجڑہ گڑھی کا رہائشی32سالہ عاطف صدیق،درمان کا رہائشی24ذیشان ظہور،معراجکے کا رہائشی45سالہ ظہور احمد ،75سالہ مہران بی بی ،50سالہ سخاوت ،45سالہ مشتاق،10سالہ مافیا،طیبہ غلام علی و دیگر شامل ہیں۔

بی ایس ایف کی جانب سے گزشتہ روز علی الصبح فائرنگ ، مارٹر گولوں اور بڑے ہتھیاروں کا آذانہ استعمال شروع ہو گیا اس دوران لوگوں کے قیمتی مویشی بھی ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔ ریسکیو1122سیالکوٹ کے عملہ نے زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ سیالکوٹ منتقل کر دیا گیا جبکہ امدادی کیمپوں میں ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد انہیں مزید طبی سہولیات کے لئے سی ایم ایچ بھیجا جاتا رہا جبکہ اکثر مریضوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ۔

بی ایس ایف کی فائرنگ ، گولہ باری کے باعث سرحدی علاقوں کے بیشتر علاقہ مکین نقل مکانی کر گئے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرین کے لئے امدادی کیمپ بھی لگایا گیا ہے جہاں پر لوگوں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔بی ایس ایف کی جانب سے فائرنگ اور گولہ باری کا پنجاب رینجرز کے جوان بھارت کو بھرپور جواب دے رہے تھے ۔ یاد رہے کہ بی ایس ایف کی فائرنگ اور گولہ باری سے شہید ہونے والوں کی تعداد8ہو گئی ہے ۔