ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں ادارہ جاتی نجی پریکٹس کل یکم فروری سے شروع کی جائے گی،تمام انتظامات مکمل

بدھ 31 جنوری 2018 13:46

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2018ء) بورڈ آف گورنرز ایوب میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ایبٹ آباد کی ہدایات کی روشنی میں کل یکم فروری سے ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں ادارہ جاتی نجی پریکٹس شروع کی جائے گی جس کیلئے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ نجی پریکٹس کے ذریعہ علاقہ کے عوام کو بین الاقوامی طرز کا علاج معیاری علاج ہو گا جس سے نہ صرف مقامی آبادی کو علاج معالجہ کی بہترین سہولت میسر آئے گی بلکہ ادارہ کی مالی پوزیشن بھی مستحکم ہو گی جس سے کم آمدنی سے غریب مریض کا علاج بھی مزید بہتر انداز میں یقینی بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین بورڈ میجر جنرل (ر) آصف خان نے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ آئی بی پی کے نظام سے ادارہ کا عام اور غریب مریض کسی صورت متاثر نہیں ہونا چاہئے، آئی بی پی میں مریضوںکو ادارہ میں موجود تمام تشخیصی و علاج معالجہ کی سہولیات 24 گھنٹے دستیاب ہوں گی، مریضوں کو سی ٹی سکین، ایم آر آئی، انڈو سکوپی، کیتھ لیب، فزیو تھراپی، جدید ترین لیبارٹری ٹیسٹوں جیسی سہولیات بھی بلاتعطل میسر ہوں گی۔

(جاری ہے)

اس پراجیکٹ کے سربراہ ڈاکٹر اطہر خان لودھی نے کہا کہ مختلف شعبوں کے بین الاقوامی شہرت کے حامل نوجوان ڈاکٹرز پیر تا جمعہ سہ پہر 3 بجے تا شام 6 بجے تک مریضوں کا معائنہ رعایتی فیس میں کریں گے، پرائیویٹ مریضوں کو آپریشن اور دیگر تمام سہولیات 24 گھنٹے دستیاب ہوں گی، داخلہ پرائیویٹ وارڈ میں اور جنرل وارڈز میں مریضوں کی من منشاء کے مطابق علاج کی سہولت دستیاب ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ علاج کے متقاضی مریضوں کو صاف ستھرے اور کشادہ کمرے مہیا کئے جائیں گے جہاں 24 گھنٹے ڈاکٹرز تجربہ کار نرسز و پیرامیڈیکل سٹاف ہمہ وقت موجود رہیں گے، پہلے مرحلہ میں 10 مختلف شعبوں کے ماہرین میڈیکل سپیشلسٹ، سرجیکل سپیشلسٹ، امراض چشم، امراض ناک، کان و گلہ، امراض دل، امراض شعبہ اطفال و امراض نسواں شام کے اوقات میں مریضوں کا معائنہ کریں گے، پرائیویٹ علاج کے خواہش مند عوام بین الاقوامی طرز کے بہترین علاج کیلئے رجسٹریشن آئی بی پی کائونٹر پر باقاعدہ بکنگ کروا سکتے ہیں۔