محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو سپرے کے وقت سگریٹ اور کھانے پینے کی اشیاء استعمال نہ کرنے کی ہدایت

منگل 6 فروری 2018 17:17

فیصل آباد۔6 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2018ء)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا ہے کہ گندم کی پیداوارکو بڑھانے کے لیے جڑی بوٹیوں کو تلف کریں اور جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے زہر پاشی کا صحیح طریقہ اپنایا جائے نیزسپرے مشین کے لیے درست نوزلز کے انتخاب سمیت فلڈ جیٹ نوزل اور فلیٹ فین نوزل استعمال کی جائے اور سپرے کرنے سے پہلے سپرئیر کی ٹینکی کو صاف پانی سے بھر لیا جائے اور ایک ایکڑ لمبائی کے کھیت کے دوچکر میں پانچ فٹ چوڑائی پر سپرے کی جائے۔

محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجمان نے بتایا کہ تیز ہوا، دھند یا بارش میں سپرے سے گریز کے علاوہ ہمیشہ پہلے پانی کے بعد وتر حالت میں سپرے کیا جائے اور کاشتکار سپرے ہمیشہ کیلبیریشن کرکے کرنے سمیت مربوط طریقہ انسداد یعنی جڑی بوٹیوں کی مناسبت سے زہر کاانتخاب کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ جڑی بوٹی مار زہروں کے لیے سپرے محلول 100 تا120 لٹر فی ایکڑ استعمال کیا جانا چاہیے ۔

دستی سپرئیر کی صورت میں ڈنڈی پر نوزل صحیح زاویہ پر لگی ہونی چاہیے ۔ٹریکٹر والے بوم سپرئیر کی صورت میں بوم پر لگی عام نوزل کا زاویہ ، اخراج اور سپرے کی تقسیم یکساں ہو۔ دستی سپرے کی صورت میں ٹینک کے منہ، پمپ اور نوزل کے درمیان مناسب سوراخ کے فلٹر استعمال کریں۔ بوم سپرئیر کی صورت میں ٹینک میں پانی بھرنے والے پائپ کے شروع ٹینک اور پمپ کے درمیان پمپ اور نوزل کے درمیان مناسب سوراخ کے فلٹر استعمال کریں ۔انہوںنے کہاکہ دستی بوم سپرئیر میں لگی ہوئی نوزل کے ساتھ پمپ پر یشر کم یا ختم ہونے کی صورت میں سپرے روکنے کا انتظام لگا ہونا چاہیے۔انہوںنے کاشتکاروں کو مزید ہدایت کی کہ سپرے کرتے وقت سگریٹ اور کھانے پینے کی چیزوں کا استعمال نہیں کرنا چاہئے۔