ہری پور انتظامیہ کامضر صحت دودھ و دھی فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون جاری

ہفتہ 10 فروری 2018 15:04

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2018ء) ہری پور کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیمیکلز ملے اور مضر صحت دودھ و دھی فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے، ٹی اینڈ ٹی کالونی، ٹی آئی پی ہائوسنگ کالونی، کھولیاں بالا اور کوٹ نجیب الله میں ایک درجن سے زائد ڈیری شاپس سربمہر کر کے انتباہ جاری کر دیا گیا ہے اس کے علاوہ سینکڑوں لیٹر کیمیکلز ملا دودھ دھی تلف کر دیا گیا ہے۔

عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر سید فیاض علی شاہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عدنان جمیل اور دیگر انتظامی افسران کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہری پور کی ضلعی انتظامیہ ڈپٹی کمشنر سید فیاض علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز دیگر محکموں کی معاونت سے کیمیکلز ملے دودھ دہی کی فروخت کے خلاف زبردست کریک ڈائون جاری رکھے ہوئے ہے جسے ہر مکتبہ فکر کے افراد و شخصیات کی طرف سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عدنان جمیل نے ایڈیشنل سنیٹری انسپکٹر نسیم درانی کے ہمراہ ٹی اینڈ ٹی کالونی، ٹی آئی پی ہائوسنگ کالونی، کھولیاں بالا اور کوٹ نجیب الله میں مضر صہت و کیمیکلز ملے دودھ دہی کی فروخت میں ملوث ایک درجن سے زائد ڈیری شاپس سربہر کر دی ہیں جن کے دودھ کے نمونوں میں کیمیکلز کی ملاوٹ پائی گئی تھی اور لیبارٹری ٹیسٹ میں تصدیق کے بعد دکانیں سیل کی گئیں۔