عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق گوشت کی فراہمی یقینی بنائیں‘طاہر علی

پیر 12 فروری 2018 14:11

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2018ء)ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرکوہاٹ طاہر علی نے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کی جانب سے قصائیوں کو جاری کردہ ہدایت نامہ پرعملدرآمدیقینی بنانے کے لئے ڈھوڈہ چوک میںقصائیوں کی دکانوں پر چھاپے مارے اور صفائی کی صورتحال کا خود جائزہ لیا۔انہوں نے اس بات پر اطمینا ن کا اظہار کیا کہ دیہی علاقوں میں بھی قصائیوں نے ہدایت نامہ پر عملدرآمدکرنا شروع کردیاہے اور انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جاری کردہ ہدایت نامہ پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔

واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنرکوہاٹ نے ایک سرکاری حکمنامے کے ذریعے ضلع بھرکے تمام قصائیوں کوسختی سے ہدایت کی تھی کہ وہ چیف سیکرٹری کے احکامات کی روشنی میںعوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق گوشت کی فراہمی یقینی بنائیںاور ایک ہفتے کے اندراندر اپنی دکانوں میں شیشے لگوائیں، گوشت کو جالی سے ڈھانپیںاور گوشت کاٹنے کی لکڑی کو صاف ستھرا رکھیںبصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی ہو گی اس سلسلے میںضلعی انتظامیہ نے قصائیوں کی دکانوں کا خود دورہ کرکے ان سے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ اقرار نامے پر باقاعدہ طورپردستخط بھی لئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر علی نے کہا کہ قصائیوں کو باربارتنبیہ کی گئی ہے کہ وہ سرکاری حکمنامے کی پاسداری کریں اور اس پر من وعن عملدرآمد کریں۔انہوں نے ایک مرتبہ پھر قصائیوں سے کہا کہ وہ حسب ہدایت فوری طور پر عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق گوشت کی فراہمی یقینی بنائیں ورنہ سخت کارروائی کے لئے تیار ہوجائیں۔