وزیر داخلہ احسن اقبال کے ساتھ برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن کی ملاقات، پاکستان کے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے، انسداد دہشت گردی کی کوششوںکو سراہا

بدھ 14 فروری 2018 14:26

وزیر داخلہ احسن اقبال کے ساتھ برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن کی ملاقات، ..
لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) برطانیہ کے وزیر خارجہ بورس جانسن نے پاکستان کے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے اور انسداد دہشت گردی کے لئے کوششوںکو سراہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں وزیر داخلہ احسن اقبال کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ احسن اقبال نے برطانیہ کے وزیر خارجہ کو بتایاکہ سکیورٹی صورتحال میں بہتری مؤثر اقتصادی ترقی اور جمہوری اداروں کے استحکام کی وجہ سے پاکستان بے مثال تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اہم تجارتی و سرمایہ کاری شراکت دار کے طورپر برطانیہ کے کردار کو سراہتا ہے۔ انہوں نے برطانوی وزیر خارجہ کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

برطانوی وزیر خارجہ نے بھی اعتراف کیاکہ پاکستان نے بھرپور اقتصادی ترقی کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ چین پاکستان اقتصادی راہدری میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور اس سے پیدا ہوانے والے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہے گا۔

انہوں نے خطے میں بالخصوص اور دنیا میں بالعموم امن کے قیام کے لئے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو سراہا۔ بورس جانسن نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی کی بہت قدر کرتا ہے اور وہ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ وزیر داخلہ نے برطانیہ کی تارکین وطن سے متعلق نائب وزیر کیرولین نوکس سے بھی ملاقات کی اور ان کے سامنے خاص طور پر پاکستانی طلباء اور کاروباری شخصیات کو برطانیہ کے ویزے کے حصول سے متعلق مشکلات سے آگاہ کیا۔

برطانوی وزیر نے اس معاملہ کاجائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے لوگوں اور کاروباری شخصیات کے درمیان رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیر داخلہ نے برطانیہ کے وزیر خزانہ جان گلن سے بھی ملاقات کی اور معیشت اور مالیاتی شعبے میں دو طرفہ تعاون کے امورپر تبادلہ خیال کیا۔ قبل ازیں وزیر داخلہ نے لندن میں انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز میں مستقبل کے لئے پاکستان کے تصور کے موضوع پر خطاب کیا۔

تقریب میں ممتاز تھنک ٹینکس، پالیسی سازوں ، سیاسی تجزی کاروں اور سفارتی اہلکاروں نے شرکت کی۔ وزیر داخلہ نے اپنے خطاب میں پاکستان میں اقتصادی اور سکیورٹی صورتحال میں بہتری اور خطے کی صورتحال پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ وزیرداخلہ نے پاکستانی ہائی کمیشن میں ایک پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا اور لندن میں قائم بین الاقوامی میڈیا اداروںکو انٹرویوز بھی دیئے ۔ اپنے دو روزہ دورے کے دوران انہوں نے برطانوی قیادت ، پاکستانی برادری، تھنک ٹینکس، برطانوی پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد ارکان اور میڈیا کے نمائندوں سے مفید ملاقاتیں کیں۔

متعلقہ عنوان :