برطانوی وزیراعظم کے تجارتی نمائندہ رحمان چشتی کی وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز سے ملاقات

برطانیہ کا مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تجارت اور کاروباری مواقع بڑھانے کا عزم

بدھ 14 فروری 2018 19:46

برطانوی وزیراعظم کے تجارتی نمائندہ رحمان چشتی کی وفاقی وزیر نجکاری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) برطانوی حکومت نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے تجارت اور کاروباری مواقع بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ یہ بات برطانوی وزیراعظم کے پاکستان کیلئے تجارتی نمائندہ اور رکن پارلیمنٹ رحمان چشتی نے وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز سے اپنی ملاقات کے دوران کہی جو بدھ کو یہاں ہوئی۔

دانیال عزیز نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں برطانیہ کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے مابین طویل دوطرفہ تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ کاروبار کرنے میں برطانوی کمپنیوں کی دلچسپی اور آمادگی کی بھی تعریف کی اور اسے پاکستان کی ترقی کیلئے ان کا بڑا اہم کردار قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے نجی شعبہ میں برطانیہ کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔

دانیال عزیز نے کہا کہ پاکستان کو ماضی میں سرمایہ کار دوست ملک نہیں سمجھاجاتا تھا تاہم موجودہ حکومت نے سرمایہ کاری سرگرمیوں کی بحالی کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے ٹرانسپورٹ، مینوفیکچرنگ، توانائی، مالیاتی اداروں اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں دلچسپی لینے کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ وہ نجکاری کے شفاف سودوں میں بھرپور حصہ لیں۔

انہوں نے خاص طورپر پی آئی اے اور پاکستان سٹیل ملز کا بھی ذکر کیا۔ اس موقع پر رزاق چشتی نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کو ترجیح دیتا ہے اور برطانیہ نے جی ایس پی پلس کے درجہ کیلئے پاکستان کی ہمیشہ حمایت کی ہے اور وہ پاکستان کی ترقی اور تجارت کے لیے بھر پور تعاون کرے گا۔ وفد کے اراکین نے ملاقات کے دوران مختلف سودوں میں سرمایہ کاری کے کے امکانات اور شراکت داری کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

برطانوی نمائندہ برائے تجارت رزاق چشتی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ پاکستان میں مستقبل کی شراکت داری میں مزید اضافہ کیلئے وفود بھیجیں گے۔دانیال عزیز نے پاکستان کی قیادت کے نجکاری پروگرام کو آگے بڑھانے کے پختہ عزم کا بھی اظہار کیا۔ برطانوی تجارتی نمائندہ کے وفد میں برطانوی سرمایہ کاری کے ڈائریکٹر انفراسٹرکچر ،سرمایہ کاری منیجر ہاٹ لیسٹر ، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریڈ برطانوی ہائی کمشنر اور برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر الین برنزاوربرطانیہ کی مختلف تجارتی و سرماہ کارکمپنیوں کے نمائندے اور عہدیداران شامل تھے۔