محکمہ زراعت کا جڑی بوٹیوں کے خاتمہ کیلئے آگاہی مہم کا آغاز

بدھ 14 مارچ 2018 22:15

جھنگ ۔14مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء)حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میںمحکمہ زراعت توسیع کی جانب سے جڑی بوٹیوں کے مکمل خاتمہ اور عام کسانوں اور چھوٹے کاشتکاروںکی فلاح اور رہنمائی کیلئے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میںمحکمہ زراعت کے دفتر میںکسانوں اور کاشتکاروں کیلئے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں محکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، زراعت آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ کسانوں اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

آگاہی واک کے اختتام پر ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت طاہر محمود نے کہا کہ جڑی بوٹیاں ہماری فصلوں کو تباہ کر رہی ہیںجس کی وجہ سے ہماری فی ایکڑ پیداوار میں 30تا40فیصد کمی واقع ہونے کے ساتھ ساتھ کھاد اور پانی کا بھی نقصان ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

جڑی بوٹیاں زیادہ تعدا د میں پیج پیدا کرتی ہیں جو مختلف ذرائع سے کھیتوں میں پہنچ جاتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ جڑی بوٹیوں کی تلفی نہ صرف کھیتوں کیلئے ضروری ہے بلکہ سڑکوں ، کھالوں اور نہروں کے کناروں کیلئے بھی ضروری ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت نے فیلڈافسران پر واضح کیا کہ وہ بہترین حکمت عملی کے تحت عام کسان اور چھوٹے کاشتکاروںکی فلاح اور رہنمائی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سہولیات فراہم کریں۔ بعد ازاں جڑی بوٹیوں مکائو مہم کے حوالہ سے واک بھی منعقد کی گئی جس میں محکمہ زراعت کے افسران کے علاوہ کسانوں، کاشتکاروں اور زمینداروں کی بڑی تعدا د میں شرکت کی۔