امرود کے باغبانوں کو نئے پودے لگانے کا عمل 15اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت

جمعرات 28 مارچ 2024 12:39

امرود کے باغبانوں کو نئے پودے لگانے کا عمل 15اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) باغبانوں کو امرود نئے پودے لگانے کا عمل 15اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری خالد محمود نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امرود ایک ایسا پھل ہے جس کا پودا ہر قسم کی زمین میں لگایاجاسکتاہے تاہم اچھی پیداوار کیلئے اگر ذرخیز میرازمین دستیاب ہو تو اس کے مزید بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ باغبان امرود کا پودا لگانے کیلئے زمین کو اچھی طرح تیارکر لیں اور گوبر کی گلی سڑی کھاد کا زیادہ استعمال کریں۔ انہوں نے کہاکہ ویسے تو امرود کی درجنوں اقسام زیر کاشت ہیں تاہم لاڑکانہ صراحی، سرخا، شرق پوری گولہ اورسدا بہار اپنے ذائقے، لذت اور خوبصورتی میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ امرود جہاں کھانے میں انتہائی لذیز ہے وہیں یہ بہت سے جسمانی امراض میں بھی انتہائی مؤثر ثابت ہواہے۔

انہوں نے کہاکہ امرود میں شامل آئرن اور وٹامن کی وافر مقدار نزلہ، زکام، کھانسی، وائرل انفیکشن سے نجات دلاتی ہے۔ اسی طرح امرود کا استعمال انسان کو ایگزیما سمیت دیگر جلدی امراض اور کاسمیٹکس کے استعمال سے پہنچنے والے جلدی نقصان سے بھی بچاتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ امرود میں موجود حیاتین، پوٹاشیم جسم کے اندر موجود زہریلے و فاسد مادوں کو بآسانی خارج کرنے میں مدد دیتاہے۔ اسی طرح امرود کا استعمال بڑھاپے کی جھریوں، مسوڑھوں کی سوزش، دانتوں سے خون کی آمد بند کرنے سمیت آنکھوں کی بیماری موتیاسے بھی بچاؤ میں معاون ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مزید تفصیلات کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :