مقامی نجی بینک کی اے ٹی ایم مشین ڈبل شاہ کے نقش قدم پر،اے ٹی ایم کارڈ استعمال کرنے والوں کو دو دو اور تین تین گنا رقم دینے لگی،رقوم نکلوانے کا سلسلہ تمام دن جاری رہا،پتہ چلنے پر بینک عملہ کی دوڑیں لگ گئیں

جمعہ 16 مارچ 2018 21:59

مقامی نجی بینک کی اے ٹی ایم مشین ڈبل شاہ کے نقش قدم پر،اے ٹی ایم کارڈ ..
وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2018ء) مقامی نجی بینک کی اے ٹی ایم مشین ڈبل شاہ کے نقش قدم پر۔اے ٹی ایم کارڈ استعمال کرنے والوں کو دو دو اور تین تین گنا رقم دینے لگی۔رقوم نکلوانے کا سلسلہ تمام دن جاری رہا۔پتہ چلنے پر بینک عملہ کی دوڑیں لگ گئیں۔ لاکھوں روپے کا نقصان۔سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ریکوری کی کوششیں شروع۔

رقوم نکلوانے والوں کے گھروں میں رابطے۔بعض افراد نے رقوم واپس کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق ایک نجی بینک سے اکائونٹ ہولڈروں نے اے ٹی ایم مشین کے ذریعے اپنے اکائونٹ سے رقوم نکلوائیں تو مشین نے خلاف توقع 5ہزار کی بجائے 17ہزار اور 20ہزار کی بجائے 38ہزاراگل دیئے۔ زائد رقم دینے کا سلسلہ تمام دن جار ی رہا۔اس طرح بینک کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو گیا۔

(جاری ہے)

جب بینک کے عملہ کو پتہ چلا تو ان کی دوڑیں لگ گئیں جنہوں نے پہلے اے ٹی ایم مشین کی خرابی کو دور کیا پھر سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اے ٹی ایم کارڈ استعمال کرنے والوں کی شناخت کر کے رقوم کی واپسی کے لئے دوڑ دھوپ اور گھروں میں رابطے شروع کر دیئے۔ بعض کارڈ ہولڈروں نے اپنے طور پر رقوم واپس بھی کیں۔ بینک کا عملہ تمام دن رقوم کی واپسی کے لئے کوشاں رہا۔ بینک کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے اور رقوم واپس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔