یونیورسٹی آف لاہور میں سوشل میڈیا فیسٹیول 2018ء کا انعقاد

دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج نمایاں کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،سمعیہ راحیل قاضی ودیگر مقررین کا خطاب

پیر 26 مارچ 2018 21:29

لاہور۔26 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2018ء) پاکستان کا مثبت امیج نمایاں کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ،ْ پیغام پاکستان امن و اتحاد کی عکاسی کرتا ہے ،ْ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر سمیعہ راحیل قاضی نے یونیورسٹی آف لاہور میں سوشل میڈیا فیسٹیول 2018ء کے تحت منعقدہ دو روزہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا موثر ذریعہ ہے اور اس کے ذریعے پاکستان کا حقیقی مثبت تاثر نمایاں کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

کانفرنس سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیغام پاکستان انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف ایک مثبت اقدام ہے۔ انہوںنے کہا کہ پیغام پاکستان دہشتگردی کے خلاف ایک متفقہ فتویٰ اور مشترکہ اعلان ہے اور یہ ملک کے مختلف مکاتب فکر کے نامور مذہبی اسکالرز کے اتحاد کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ملک کے 31 نامور علماء نے مئی 2017ء میں اس فتویٰ کو پاس کرکے مشترکہ طور پر اعلان کیا تھا۔

مقررین نے کہا کہ موجودہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہمیں اپنے ملک کی نظریاتی اساس اور خودمختاری کو محفوظ بنانے کے لئے کام کرنا چاہیے اور سائبر کرائم و دہشتگردی کی روک تھام کے لئے نوجوانوں کو آگے آنا ہو گا۔سوشل میڈیا فیسٹیول کا مقصد نوجوانوں کو باورکرانا تھا کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ مہارت کو ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے موثر طریقے سے استعمال کریں۔