ترشاوہ پھلوں کے باغات کی کامیابی کا 100فیصد انحصار صحت منداور صحیح النسل پودوں پر ہوتاہے ،ترجمان محکمہ زراعت

ہفتہ 31 مارچ 2018 13:46

فیصل آباد۔31 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2018ء)باغبانوں کو ترشاوہ پھلدار پودوں کی پیوندکاری کے دوران تکونی لکڑی یا کچے گلے استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ چونکہ ترشاوہ پھلوں کے باغات کی کامیابی کا 100فیصد انحصار صحت منداور صحیح النسل پودوں پر ہوتاہے اور اس لئے پیوندکاری کاطریقہ اور پیوندی لکڑی کادرست انتخاب پودوں کی برھوتری پر گہرااثر چھوڑتاہے۔

محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجمان نے کہاکہ پیوندی لکڑی صرف ان پودوں سے لینی چاہیے جو صحت مند اور اچھی پیداوار کے حامل ہوں اور انہی پودوں کی صرف پیوندی لکڑی لی جائے جن پر پھل اچھے اور ایک جیسی قد وقامت کے ہوں۔ انہوںنے بتایاکہ اپریل اور اگست کا مہینہ پودوں کی پیوندکاری کیلئے زبردست اہمیت کاحامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پیوندی لکڑی کے استعمال کے دوران خیال رکھاجائے کہ یہ لکڑی گول ہو اور اس پر سفید دھاریاں ہونا بھی ضروری ہے جبکہ اس کی موٹائی پنسل سے کم نہیں ہونی چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ پیوندی لکری کی عمر 9 سے 12 ماہ تک ہونابھی ضروری ہے تاہم کانٹے دار پیوندی لکڑی کے استعمال سے گریز کرناچاہیے ۔انہوںنے بتایاکہ اگر پیوندی لکڑی کے چشموں کا پھٹائو ہو گیاہو تو اس لکڑی کاانتخاب نہیں کرناچاہیے کیونکہ وہ پیوند کے قابل نہیں رہتی۔