وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا بھارتی قابض افواج کی فائرنگ سے 13 سے زائد کشمیری نوجوانوں کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار،پرامن احتجاج کرنے والے شہریوں پر بھارتی فورسز کا وحشیانہ کریک ڈائون ، پیلٹ گنوں کا بے دریغ استعمال قابل مذمت ہے،وزیر اعظم

پیر 2 اپریل 2018 01:00

اسلام آباد ۔ یکم اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اتوار کو بھارتی قابض افواج کی فائرنگ سے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں 13 سے زائد کشمیری نوجوانوں کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اور کہا ہے کہ بیگناہ کشمیریوں کے قتل کے خلاف پرامن احتجاج کرنے والے شہریوں پر بھارتی فورسز کا وحشیانہ کریک ڈائون ، پیلٹ گنوں کا بے دریغ استعمال قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے بے گناہ کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری جدوجہد کو دہشت گردی کا رنگ دینے کی بھارتی کوششیں کشمیر کے بہادر عوام کو حق خود ارادیت کے حصول کے مطالبہ سے دستبردار نہیں کر سکتیں۔ وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالے تاکہ او ایچ سی ایچ آر اور او آئی سی کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت دے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بھی مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے لئے ایک خصوصی نمائندہ مقرر کیا جائے جہاں بھارت عالمی برادری کی خاموشی کی شہ پر بے دھڑک قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے۔