وفاقی کمیٹی برائے زراعت کا اجلاس 10اپریل کو ہوگا،

ربیع کی فصلوں کی پیداوارکاجائزہ ، خریف کیلئے اہداف مقررکئے جائیںگے

پیر 2 اپریل 2018 15:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2018ء) وفاقی کمیٹی برائے زراعت (ایف سی ای) کا اجلاس 10اپریل کومنعقدہوگا، اجلاس میں ربیع کی فصلوں کی پیداوارکاجائزہ لیا جائے گا اور خریف کیلئے اہداف مقررکئے جائیںگے۔اجلاس میں ربیع کی چھوٹی، بڑی اورنقدآورفصلات کے اہداف بشمول گندم، چنے کی دال، آلو، پیاز، ٹماٹر اورملکی ضروریات وبرآمدات کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزارت قومی غذائی تحفظ کے حکام کے مطابق اجلاس میں خریف کی فصلات بشمول کاٹن، گنا، چاول، دال مونگ، دال ماش، مرچوں اوردیگر موسمی تیل داراجناس کے حوالے سے اہداف مقررکئے جائیں گے۔وزارت قومی غذائی تحفظ کے وفاقی وزیرسکندرحیات خان بوسن اجلاس کی صدارت کریں گے۔اجلاس میں چاروں صوبوں، آزادکشمیراورگلگت بلتستان کے سینیئرحکام شرکت کریں گے۔

حکام کے مطابق اجلاس میں سٹیٹ بنک آف پاکستان، زرعی ترقیاتی بنک، محکمہ موسمیات، ارسا اور فیڈرل سیڈ سرٹیفیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔اس کے علاوہ بیج، کھادیں ، کیڑے مارادوایات اورزرعی مداخل سے وابستہ ادارے اورایجنسیوں کے حکام بھی اجلاس میں شرکت کریں گی۔اجلاس میں صوبائی نمائندے فصلوں کی کاشت اورپیداوارکے حوالے سے انتظامات سے آگاہی دیں گے۔