گھیا کدو ٹھنڈی تاثیر کے باعث شوگر بلڈ پریشر ، دل ، جگر ، پھپھڑوں ، کھانسی ، دمہ کے امراض پر قابو پانے میں انتہائی مفید ثابت ہواہے، ماہرین زراعت

ہفتہ 7 اپریل 2018 12:38

فیصل آباد۔7 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2018ء)گھیا کدو ٹھنڈی تاثیر کے باعث شوگر بلڈ پریشر ، دل ، جگر ، پھپھڑوں ، کھانسی ، دمہ کے امراض پر قابو پانے میں انتہائی مفید ثابت ہواہے جبکہ کاشتکار میدانی علاقوں میں گول اورلمبی لوکی اقسام کاشت کرکے تین فصلات حاصل کرسکتے ہیں۔ایک ملاقات کے دوران ماہرین زراعت نے بتایاکہ گھیا کدو موسم گرما کی ایک انتہائی اہم اور مفید ترین سبزی ہے ۔

انہوںنے بتایاکہ گھیاکدو میں نشاستہ ، چکنائی ، کیلشیم ، آئرن ، فاسفورس اور حیاتین پائے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ گھیا کدو کی ترقی دادہ اقسام میں فیصل آباد گول سب سے زیادہ پیداوار دینے والی قسم ہے جس کی کاشت کیلئے فی ایکڑ 2 سے اڑھائی کلو گرام بیج استعمال کیا جاسکتاہے۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار گھیاکدو کی ذرخیز میرازمین جس میں نامیاتی مادہ وافر مقدار میں موجود اور دیر تک پانی جذب رکھنے کی صلاحیت ہو میں کاشت کرکے شاندار فصل حاصل کرسکتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اگر بوائی سے قبل کھیت میں 10 سے 15 ٹن گوبر کی کھاد ڈال کر زمین میں ملا دی جائے تو اس کے مزید بہتر اثرات مرتب ہو تے ہیں۔ انہوںنے کاشت کے موقع پر کھادوں کامتناسب استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔