کاشتکاروں کو گندم کی فصل سے کانگیاری سے متاثرہ پودے فوری نکالنے کی ہدایت

ہفتہ 7 اپریل 2018 12:38

فیصل آباد۔7 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2018ء) محکمہ زراعت نے گندم کی فصل سے کانگیاری سے متاثرہ پودوں کو نکالنے کیلئے فصل کا باقاعدہ معائنہ جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ زمیندار و کاشتکار بیمار پودوں کو نکال کر زمین میں دبانے میں کسی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں تاکہ جرثومے کو کھیت میں پھیلنے سے روکا جا سکے اور کانگیاری سے بروقت بچائو بھی ممکن ہو سکے ۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے دوران محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ فصل کے پکنے کے آخری مراحل میں گندم کی فصل پر چوہوں کا حملہ بھی ہو سکتاہے لہٰذا اس صورت میں چوہوں کی تلفی کیلئے زنک فاسفائیڈ کی گولیاں یا ڈیٹیا گیس کی ٹکیاں بھی استعمال کی جا سکتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ کاشتکار جڑی بوٹیوں کے علاوہ کانگیاری و الے پودے بھی کاٹ کر انہیں شاپرز میں ڈال کر زمین میں گڑھا کھود کر دبائیں تاکہ وہ صحت مند پودوں کو متاثر نہ کرسکیں۔