Live Updates

سینیٹ الیکشن میں پیسہ پیپلز پارٹی نے چلایا،نون لیگ کے علاوہ تمام پارٹیاں متفق ہیں کہ 2013کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی۔عمران خان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 7 اپریل 2018 17:30

سینیٹ الیکشن میں پیسہ پیپلز پارٹی نے چلایا،نون لیگ کے علاوہ تمام پارٹیاں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 اپریل۔2018ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں پیسہ پیپلز پارٹی نے چلایا، نون لیگ کے علاوہ تمام پارٹیاں متفق ہیں کہ 2013کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی۔ڈاکٹررمیش کمار کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ قائداعظم نے جو خدشات کا اظہار کیا تھا وہ نریندرمودی کے بھارت میں سامنے آرہے ہیں۔

آصف علی زرداری نے سینیٹ انتخابات میں اگر پیسہ چلایا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کے اس کے بل پر وہ پنجاب میں بھی حکومت بنالیں گے تو وہ غلط فہمی کا شکار ہیں۔عمران خان نے کہا کہ اقلیتوں کو تمام حقوق اور مکمل تحفظ ملنا چاہیئے اور اس کے لیے ان کی جماعت حکومت میں آنے کے بعد سنجیدگی سے اقدامات کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے قوم کی عدلیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم عدلیہ کے حق میں 29 اپریل کو جلسہ کریں گے اور جن کو شک ہے کہ عوام عدلیہ کے ساتھ نہیں وہ اس جلسے میں آکر دیکھ لیں۔

ڈاکٹر رمیش کمار نے اپنے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے انسانی حقوق کے مسائل پر ہمیشہ آواز اٹھائی ہے اور حکومت میں رہتے ہوئے ہمیشہ عوام کی خدمت کی کوشش کی ہے۔انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں مسلم لیگ (ن) میں کرتا تھا لیکن میں نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے پرچہ لکھ کر میاں نواز شریف کو بتایا تھا کہ پاکستان میں گرے ٹریفک چل رہی ہے جس سے ایک ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے لیکن وزارت اطلاعات کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہر موقع پر مسائل کے حوالے سے نواز شریف کو نشاندہی کی اور پی آئی کے نجکاری میں بھی میں نے اس کا حصہ بننے سے انکار کردیا تھا۔

ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ پاناما پیپرز کا مسئلہ سامنے آنے کے بعد سے جس قسم کی زبان استعمال کی گئی ہے اس کا حصہ بننے سے بھی انکار کردیا ۔سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں چوہدری نثار ایمان دار شخص ہیں اور ان کی عزت کرتا ہوں، امید ہے وہ بھی جلد تحریک انصاف کا حصہ بن جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات