سی پیک کے تحت لائیو سٹاک کے شعبے کے لئے موثر اقدامات اٹھانا وقت کی ضرورت ہے،اسرار خان

جمعرات 12 اپریل 2018 19:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2018ء) سیکرٹری محکمہ زراعت، لائیو سٹاک خیبر پختونخوا محمد اسرار خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت لائیو سٹاک پالیسی کو جلد ہی عملی شکل دے گی تا ہم سی پیک کے تحت لائیو سٹاک کے شعبے کے لئے موثر اقدامات اٹھانا وقت کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لائیو سٹاک پالیسی مرتب کرنے کے حوالے سے منعقدہ دو روزہ مشاورتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ملکی سطح کی اس ورکشاپ کا اہتمام محکمہ لائیو سٹاک خیبر پختونخوا اور ایسوسی ایشن فار بائیو ر سک مینجمنٹ پاکستان کے باہمی اشتراک سے پشاور کے مقامی ہوٹل میں کیاگیا جسمیں میں ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک توسیع ڈاکٹر شیر محمد، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ریسرچ ڈاکٹر میر زا علی خان ، ڈی جی فشریز اقبال خٹک، ڈائریکٹر لائیو سٹاک فاٹا ملک ایاز وزیر، ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر لائیو سٹاک عالم زیب مہمند، پی وی ایم اے کے صدر حبیب الرحمن، جنرل سیکرٹری خسرو کلیم، اے بی ایم کے عہدیداران اور ملک بھر سے تعلق رکھنے والے لائیو سٹاک کے ماہرین ذرعی یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور محکمہ لائیو سٹاک کے مختلف شعبہ جات کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری لائیو سٹاک نے کہا کہ لائیو سٹاک اور زراعت کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ملک کی معیشت میں ان شعبوں کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کا شعبہ ملک اور صوبے کی خوراک کی ضروریات کا بیشتر حصہ فراہم کرتا ہے لہٰذا اس شعبے کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لئے انتہائی سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

محمد اسرار خان نے کہا کہ صوبائی حکومت دو روزہ ورکشاپ کے نتیجے میں ماہرین لائیو سٹاک کی جانب سے دی جانے والی آراء اور تجاویز کو زیر غور لاتے ہوئے صوبے کے لئے جلد ایک جامع اور مربوط لائیو سٹاک پالیسی تشکیل دے گی ۔سیکرٹری لائیو سٹاک نے ورکشاپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا ۔ انہوں نے دیگر صوبو ں سے ورکشاپ میں شرکت کرنے والے ماہرین کا بھی شکریہ ادا کیا ۔

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے دیگرمقرر رین نے کہا کہ شعبہ لائیو سٹاک کی ترقی کے لئے اس شعبے سے منسلک مویشی پال زمینداروں کی حکومتی سطح پر حوصلہ افزائی ضروری ہے۔انہوںنے کہا کہ مقامی سطح پر مویشیوں اور پولٹری کی افزائش کیلئے مناسب مواقع فراہم کئے جائیں ۔ مقرر رین نے مزید کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک کے عملے کو جدید خطوط پر تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے ملازمتی ڈھانچے کو بہتر بنانے سمیت انہیں جدید تحقیق کے مواقع بھی فراہم کرنا ضروری ہے تا کہ موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق ان کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :