جاپان عالمی آزاد تجارتی نظام اور موجودہ عالمی اقتصادی ترقی کا تحفظ چاہتا ہے،جاپانی وزیر خار جہ

چین جاپان تعلقات میں کچھ پیچیدہ اور حساس عوامل بھی موجودہیں،آئندہ مرحلے میں دو طرفہ اعلی سطحی رابطے کے لئے تیاری کی جائے گی ،چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی جاپانی ہم منصب سے ملاقات میں گفتگو

پیر 16 اپریل 2018 14:23

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اپریل2018ء) جاپانی وزیر خارجہ نے کہا جاپان عالمی آزاد تجارتی نظام اور موجودہ عالمی اقتصادی ترقی کا تحفظ چاہتا ہے جبکہ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ چین جاپان تعلقات میں کچھ پیچیدہ اور حساس عوامل بھی موجودہیں،آئندہ مرحلے میں دو طرفہ اعلی سطحی رابطے کے لئے تیاری کی جائے گی ۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق وانگ ای نے کہا کہ چین جاپان تعلقات کی بہتری کا رجحان وجود میں آیا ہے ۔

لیکن اس میں کچھ پیچیدہ اور حساس عوامل بھی موجودہیں۔ اس دفعہ میرا دورہ حال ہی میں جاپان کی طرف سے جاری چین سے متعلق مثبت پالیسیوں کا جواب ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے معمول پر آنے کے لئے ایک اہم قدم ثابت ہوگا اور اس سے اگلے مرحلے میں دو طرفہ اعلی سطحی رابطے کے لئے تیاری کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ادھر ٹارو کونو نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ای کا یہ دورہ جاپان ،چین جاپان تعلقات کی بہتری کا ایک اہم نشان ہے۔

جاپان کو امید ہے کہ اس موقع سے فائدہ اٹھا کر جاپان چین تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ جاپان ،چین جاپان اور جنوبی کوریا کے درمیان سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لئے چینی وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ کی آمد کا خیر مقدم کرے گا۔ جاپان عالمی تجارتی تنظیم کے قانون کی بنیاد پر عالمی آزاد تجارتی نظام اور موجودہ عالمی اقتصادی ترقی کا تحفظ کرنا چاہتا ہے اور علاقائی اقتصادی تعاون کو مزید آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ فریقین نے جزیرہ نما کوریا کی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔